گزشتہ سال مئی میں شرمناک شکست کے بعد بھارت کا فوجی کمان اسٹرکچر تبدیل کرنے کا فیصلہ

منگل 5 مئی 2026 14:38

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) پاکستان کے ساتھ گزشتہ سال مئی میں آپریشن سندو رمیں پاکستان کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد بھارت نے اپنی مسلح افواج کی کمان کو مزید مضبوط اور مربوط بنانے کے لیے نئے جوائنٹ آپریشنز سینٹر کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے کہا ہے کہ یہ نیا مرکز فوج، فضائیہ اور بحریہ کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی کو بہتر بنائے گا اور فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرے گا۔

اطلاعات کے مطابق یہ اقدام بھارت کے وسیع تر منصوبے تھیٹر کمانڈ سسٹم کا حصہ ہے، جس کے تحت مختلف جغرافیائی علاقوں میں تمام جنگی وسائل ایک مشترکہ کمانڈر کے تحت ہوں گے تاکہ جنگی حالات میں زیادہ مربوط کارروائی ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد نہ صرف مستقبل کے ممکنہ چیلنجز سے نمٹنا ہے بلکہ فوجی ڈھانچے میں موجود خامیوں اور رابطے کے خلا کو بھی دور کرنا ہے جن کی نشاندہی گزشتہ سال کی جنگ کے دوران ہوئی ہے ۔

بھارت دفاعی خلائی ایجنسی کو وسعت دینے اور جغرافیائی ڈیٹا انٹیلی جنس سسٹم کو بھی مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔مبصرین کے مطابق ان اقدامات سے گزشتہ سال مئی میں پاکستان کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارتی فوج کی کمزوریوں کے ادراک کی عکاسی ہوتی، جہاں بھارت کی تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کے مسائل نمایاں ہوئے تھے۔تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کے پیش نظر بھارت کے یہ اقدامات، بالخصوص جموں و کشمیر جیسے حساس خطوں میں، صورتحال کو مزید غیر مستحکم کر سکتے ہیں۔