شہید محمد اشرف خان صحرائی کے پانچویں یومِ شہادت پر پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد

منگل 5 مئی 2026 23:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) آزادی پسند کشمیری راہنما شہید محمد اشرف خان صحرائی کے پانچویں یومِ شہادت کے موقع پر پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا، مقررین نے شہدائے کشمیر کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور بھارت سے آزادی تک مزاحمت کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ ریلی کے شرکاء نے “صحرائی تیری شہادت سے انقلاب آئے گا” اور “شہدائے جموں کشمیر زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ اسلام، آزادی اور پاکستان کے حق میں بھی بھرپور نعرہ بازی کی گئی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہید صحرائی ان کے شہید بیٹے جنید صحرائی کی قربانیوں اور ان کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا تھا۔ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان، چیئرمین پاسبانِ حریت عزیر احمد غزالی، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں چوہدری شاہین، زاہد اشرف، شیخ عبد الماجد، اور ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر ، ریاض خان صحرائی ، عثمان علی ہاشم ، راجہ محمد آفتاب ، منظور اقبال بٹ ، عمر آصف ، محمد یونس میر ، ڈاکٹر محمد منظور ، اسحاق شاہین ، محمد اسلم انقلابی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے کی۔