وفاقی وزیر مذہبی امور کا معرکہ حق میں بے مثال جرات و کامیابی پرافواج پاکستان کو خراج تحسین

اللہ نے پاکستان کو ازلی دشمن پر فتح عطا فرمائی، کامیابی کے بعد پاکستان پوری دنیا کے امن کے لئے کردار ادا کررہا ہے، سردار محمد یوسف

منگل 5 مئی 2026 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی پر پوری قوم اللہ تعالی کی شکر گزار ہے کہ اللہ نے پاکستان کو ازلی دشمن پر فتح عطا فرمائی، اس کامیابی کے بعد پاکستان پوری دنیا کے امن کے لئے کردار ادا کررہا ہے۔معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر منگل کو وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علماکرام و مشائخ عظام نے شرکت ۔

علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ علما و مشائخ کونسل پورے ملک میں کام کرتی ہے ،علما اکرام و مشائخ کا یہ اجلاس معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر ہے ، ہم اس اجلاس میں معرکہ حق میں بے مثال جرت اور کامیابی پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے جس طرح جواب دیا وہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا ، یہ وہ روشن باب ہے جو تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا ، علمائے اکرام ملک میں جو یکجہتی کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں وہ جاری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ علما اکرام کا مشکور ہوں جنہوں نے نہ صرف بھر پورساتھ دیا بلکہ رہنمائی بھی فرمائی۔ پاکستان نے اللہ کے فضل سے وہ مقام حاصل کیا کہ جسے دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے پاکستان کے ثالثی کے کردار کی دنیا معترف ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی سفارتی کامیابیاں اپنی مثال آپ ہیں۔