پاکستان نیوی کا بحیرۂ عرب میں آف شور جہاز ایم وی گوتم کی جانب سے موصول ہونے والی ہنگامی کال پر فوری ردِعمل

منگل 5 مئی 2026 22:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) پاکستان نیوی نے اپنی سبک رفتاری اور بین الاقوامی سمندری ذمہ داریوں سے وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بحیرۂ عرب میں آف شور جہاز ایم وی گوتم کی جانب سے موصول ہونے والی ہنگامی کال پر فوری ردِعمل دیا۔ منگل کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق یہ جہاز جس میں سات افراد پر مشتمل عملہ سوار تھا (چھ بھارتی اور ایک انڈونیشین)، عمان سے بھارت جاتے ہوئے ایک سنگین فنی خرابی کا شکار ہو کر سمندر میں پھنس گیا۔

(جاری ہے)

ممبئی کے میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر (MRCC) سے اطلاع موصول ہونے پر پاکستان نیوی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پی ایم ایس اے جہاز "کشمیر" کو روانہ کیا۔ اس جہاز نے متاثرہ عملے کو خوراک، طبی امداد اور تکنیکی معاونت فراہم کی تاکہ ضروری نظام بحال کیے جا سکیں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ کارروائی پاکستان نیوی کے سمندری تحفظ اور انسانی ہمدردی پر مبنی ذمہ داریوں کے عزم کو اجاگر کرتی ہے، جو قومیت سے بالاتر ہو کر علاقائی پانیوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہتی ہے۔