سکھر میں نیا بین الاقوامی ایئرپورٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ

بدھ 6 مئی 2026 14:17

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) سکھر میں نیا بین الاقوامی ایئرپورٹ تعمیر کرنے کے لئے گرین ایئرپورٹ پروجیکٹ کے حوالے سے پراجیکٹ کنسلٹنسی اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر وائس ایئر چیف مارشل ذیشان سعید اور ڈی جی پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی سمیر سعید نے شرکت کی ۔ اس سلسلہ میں مقامی ہوٹل سکھر میں پراجیکٹ کنسلٹنسی اجلاس کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں سکھر چیمبر ، مقامی انتظامیہ ، بزنیس کمیونٹی اور میڈیا نمائندگان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔

اجلاس میں جرمنی اور برطانوی کنسلٹنٹ کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ وائس ایئر مارشل ذیشان سعید نے گرین ایئرپورٹ پروجیکٹ سکھر حوالے سے تفصیلات پیش کرتے ہوئےکہاکہ سکھر میں ایک نیا بین الاقوامی ایئرپورٹ تعمیر کر رہے ہیں ، جرمن اور برطانوی کمپنیاں فزیبلٹی اور ڈزائین تیار کر رہی ہیں،تین ماہ کے اندر ایئرپورٹ کے لئے جگہ کا تعین کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

سکھر کے قریب ٹنڈو مستی سمیت مختلف مقامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے،تین سال کے اندر سکھر میں ایک نیا عالمی طرز کا ایئرپورٹ تمیر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کا متبادل ایئرپورٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، نوابشاہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں کا جائزہ لیا گیا تاہم نئے ایئرپورٹ کے لئے سکھر کو ترجیح دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی ملک کا منافعہ بخش ادارہ ہے،ہم اپنے وسائل سے ترقیاتی منصوبے چلا رہے ہیں ۔

میٹنگ میں برطانیہ اور جرمن کمپنیوں کے نمائندوں نے سکھر گرین ایئرپورٹ منصوبہ پر اپنی پرزنٹیشن پیش کی۔ وائس ایئر مارشل ذیشان سعید نے کہاکہ سکھر میں نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ تعمیر ہونے سے ٹوئرزم ، ٹریڈ اور بزنیس کو فروغ ملے گا ۔ پاکستان کا مستقبل روشن اور ترقی یافتہ ہے ۔