پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سردار اخلاق عباسی کی اپنے خاندان سمیت آمدہ انتخابات میں مسلم کانفرنس کی حمایت کا اعلان

بدھ 6 مئی 2026 22:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2026ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سردار اخلاق عباسی کی اپنے خاندان سمیت آمدہ انتخابات میں مسلم کانفرنس کی حمایت کا اعلان ،صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے سردار اخلاق عباسی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک کا شکرادا کرتا ہوں جس نے ایک بار پھر عوام کے دل مسلم کانفرنس کی طرف موڑنا شروع کر دیئے ہیں ، اس الیکشن میں وہ لوگ بھی مسلم کانفرنس کا ساتھ دے رہے ہیں جو گزشتہ تین چار الیکشن میں دیگر جماعتوں میں تھے ، آزاد کشمیر کے عام انتخابات اہمیت کے حامل ہیں پور ے آزاد کشمیر میں جہاں سے بھی مسلم کانفرنس کا امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہا ہے و ہ اس بات کی دلیل ہے کہ مسلم کانفرنس نظریہ الحاق پاکستان ، نظریہ تحریک آزادی ، ریاستی تشخص کی ضامن ہے اور آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ ختم نبوت کتنا بڑا مسئلہ ہے جس پر ہم مر مٹنے کو تیار ہیں اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس مسئلہ کو مجاہداول سردار عبدالقیوم خان نے 1973میں حل کیا ، نوجوانوں کو ریاستی تاریخ کے ساتھ ساتھ مذہبی اور دینی تاریخ سے بھی آگاہ ہونا چاہیے، یہ کوئی ٹوٹی ،سڑکوں اور نالیوں کی بات نہیں بلکہ یہ ہماری غیرت اور دین اسلام کی بات ہے ،ٹھیک ایک سال بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس اہم معاملہ کو پاکستان کے آئین کا حصہ بنایا ، مسلم کانفرنس کو جو ووٹ پڑتا ہے وہ مقصد کا ووٹ ہوتا ہے ، کئی ایسے ووٹ نکلیں گے جو برادری ، قبیلے ، تعصب ، نفرت ، پیسے کے ووٹ ہوں گے لیکن مسلم کانفرنس کو جو ووٹ پڑتا ہے وہ ایک نظریہ ، عقیدے ماضی حال و مستقبل کا ووٹ ہوگا ہم کسی کو طعنہ نہیں دیتے ، مسلم کانفرنس کو اعزاز حاصل ہے کہ جہاد ، پاک فوج کا قیام قیوم برگیڈ کے نام سے بنا یہ اعزاز مسلم کانفرنس سے کون چھین سکتا ہے ، نیلہ بٹ اور اس کے گردونواح کی اپنی تاریخ ہے اس لئے اپنے اعزاز کو تاریخ میں امر کرناہی اصل زندگی کا مقصد ہوتا ہے ، سردار عتیق احمد خان نے کہاکہ سردار اخلاق عباسی کی جانب سے مسلم کانفرنس کی حمایت کا جو پیغام حلقہ دھیر کوٹ سمیت پورے آزاد کشمیر میں جائے گا اس کے انتخابات پر گہرے اثرات مرتب ہونگے ، آج مسلم کانفرنس کی عام انتخابات کی کمپین کا باقاعدہ آغاز کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

دھیر کوٹ کا حلقہ ایسا حلقہ ہے جہاں سب مسلم کانفرنس کے خلاف الیکشن لڑتے ہیں لیکن اس کا کوئی فرق نہیں پڑتا ، جن لوگوں کو اللہ تعالی کا ذکر پسند ہے اللہ نے انھیں دنیا میں عزت دی اور جنہیں گالیاں دینا پسند ہے وہ دنیا میں ہمیشہ ذلیل و رسواء ہوئے ، کوئی بکری کے گوشت کی بجائے سور کا گوشت کھانا پسند کرتا ہے تو ہم اس بارے میں کیا کہہ سکتے ہیں جن کو مکروہ مردار کی عادت پڑ جائے وہ کبھی نہیں سدر سکتے ، سردارعتیق احمد خان جب جی ٹین مرکز پہنچنے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا جیئے عتیق کے نعروں سے گونج اٹھا ، کارکنان کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاورکی گئیں اور ایک جلوس کی شکل میں سردار عتیق احمد خان کو تقریب کے پنڈال تک لے جایا گیا ۔

تقریب سے سردار اخلاق عباسی ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔