Live Updates

ًمعرکہ حق میں پاکستان کی تاریخ ساز فتح نے اس کا امیج پوری دنیا میں بلند کر دیا : جنرل (ر) عبدالقیوم

پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ‘ امریکہ اور ایران کے درمیان جلد کسی معاہدہ کا امکان ہے، وائس چیئرمین نظریہ پاکستان

بدھ 6 مئی 2026 19:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2026ء) پاکستان اس خطہ میں امن اور جنگ بندی کیلئے متحرک ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان کسی حتمی معاہدہ کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں اور ان شاء اللہ جلد ہی وہ اس معاملے میں سرخرو ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمین ادارہٴ نظریہٴ پاکستان و صدر ایکس سروس مین سوسائٹی جنرل (ر) عبدالقیوم نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔

جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ گزشتہ برس معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخ ساز فتح نے اس کا امیج پوری دنیا میں بلند کر دیا ہے اور آج پوری دنیا اسے عزت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ حالیہ ایران امریکہ جنگ کے دوران پاکستان نے بطور ثالث اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔ ایران اور امریکہ کی اعلی قیادت پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہی ہے جبکہ پاکستان بھی مثبت کردار ادا کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

مجھے یقین ہے پاکستان کے ذریعے پیغام رسانی کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور ان شاء اللہ جلد کوئی معاہدہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا ایران کی پانچ ہزار سالہ پرانی تہذیب رکھتا ہے جبکہ امریکہ اس وقت واحد سپر پاور کا سٹیٹس انجوائے کر رہا ہے لیکن یہ جنگ بندی ان شاء اللہ مستقل ہوگی اور آبنائے ہرمز بھی کھل جائے گی۔پاکستان پوری دیانتداری کے ساتھ اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوششوں میں لگا ہے ‘ اللہ تعالیٰ سے بھی دعا ہے کہ وہ ہمیں اہلیت و صلاحیت دے کہ ہم دنیا کے اعتماد پر پورا اتر سکیں۔

انہوں نے کہا آج پاکستان امت مسلمہ کا لیڈر بن کر ابھرا ہے۔ جی سی سی کے ممالک اپنا دفاع آئوٹ سورس نہ کریں ۔ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا دفاعی معاہدہ ہے میری خواہش ہے کہ ترکیہ، مصر، ایران اور جی سی سی کے تمام ممالک بھی اس معاہدہ میں شامل ہوں تاکہ امت مسلمہ کا ایک مضبوط گروپ تشکیل دیا جا سکے۔ پاکستان کو سب سے اپنے اچھے تعلقات رکھنے چاہئیں۔

امت مسلمہ کو یہودیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہیے کیونکہ قران پاک کی واضح آیت ہے کہ یہودونصاریٰ تہمارے دوست نہیں ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عطیہٴ خداوندی ہے جو رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی بابرکت ساعتوں میں معرض وجود میں آیا۔ اس وطن عزیز کی خاطر ہمارے آبا و اجداد نے جان و مال کی لازوال قربانیاں دی ہیں۔ نئی نسل کو تحریک پاکستان‘ دو قومی نظریہ‘ قیا م پاکستان کے اسباب و مقاصد اور مشاہیر تحریک آزادی کے افکار و خیالات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور ادارہٴ نظریہٴ پاکستان یہ فریضہ بخوبی انجام دے رہا ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات