اعلیٰ ثانوی بورڈ میں ''معرکہ حق - بنیان مرصوص'' کے عنوان سے پروقار ریلی کا انعقاد

بدھ 6 مئی 2026 20:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں بھارت کے خلاف 10 مئی 2025ء کی یادگار فتح کی مناسبت سے ''معرکہ حق - بنیان مرصوص'' کے عنوان سے ایک پروقار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی کا مقصد قومی جذبے کو اجاگر کرنا، افواج پاکستان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرنا اور ملکی یکجہتی کے عزم کو دہرانا تھا۔

ریلی کی قیادت چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے کی، جبکہ اس موقع پر سیکرٹری محمد کاشف صدیقی، ناظم امتحانات زرینہ راشد سمیت بورڈ کے افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر پاک فوج کے شہید افسران اور جوانوں کوزبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ فقیر محمد لاکھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ انڈیا کیخلاف یہ یادگار فتح پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جس نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی تقریبات نئی نسل میں حب الوطنی، قربانی اور اتحاد کے جذبے کو فروغ دیتی ہیں۔ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملکی ترقی، استحکام اور قومی سلامتی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔