آزاد کشمیر حکومت نے 7 ماہ کے مختصر عرصے کی حکومت میں تاریخ ساز کام کیے ہیں،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور

جمعرات 7 مئی 2026 13:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے 7 ماہ کے مختصر عرصے کی حکومت میں تاریخ ساز کام کیے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ادوار حکومت میں تاریخ ساز ترقی ہوئی ، ہم نے 7 ماہ کی مختصر حکومت میں تعلیمی پیکج دیا، سڑکوں کا جال بچھایا، سیاسی ماحول کو بہتر کیا اور تعمیر و ترقی کا پہیہ چلایا۔

آج اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے پرائمری سکول چلہیان دینے اور دبن کا نام تبدیل کر کے خانپور رکھنے کا بھی اعلان کرتا ہوں،عوام علاقہ کے مطالبے پر پرائمری سکول رتیالی کو اپ گریڈ کرنے، دبن ہائی سکول کو اپ گریڈ کر کے ہائر سیکنڈری سکول بنانے اور بی ایچ یو دبن کو آئندہ مالیاتی بجٹ کا حصہ بنانے کا اعلان کرتا ہوں، ہم وعدے نہیں کرتے بلکہ عمل درآمد پر یقین رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم نے عوام اور حکومت کے درمیان رشتوں کو مضبوط کیا، پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے حکومت میں آ کر سیاسی نظام بحال کیا۔پیپلز پارٹی کے ورکرز متحرک ہیں۔ آج سے ایک سال قبل معرکہ حق سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہوا۔ ہمارا بدترین دشمن، جس نے ہم پر ہمیشہ شب خون مارنے کی کوشش کی اور فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستان پر رات کی تاریکی میں حملہ کیا، اس کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو ایسا منہ توڑ جواب دیا جس سے دنیا کے سامنے بھارت کی جگ ہنسائی ہوئی اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہوا۔

ہم کام کررہے ہیں، آج وزراء کے دفاتر آباد ہیں، وزیراعظم سیکرٹریٹ کے دروازے کھلے ہیں، بلا تخصیص ریاست کے اندر تعمیر و ترقی کا پہیہ چل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر صحت عامہ سید بازل علی نقوی کی دعوت پر ان کے حلقہ انتخاب دبن خانپور کے مقام پر منعقد پرہجوم جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ گاہ پہنچنے پر ہزاروں کی تعداد میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

دبن خانپور کا بلند و بالا مقام ''جیے بھٹو'' کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔جلسہ میں معاون خصوصی مبشر منیر اعوان، ترجمان وزیراعظم شوکت جاوید میر، پیپلز پارٹی کے ڈسٹرکٹ کونسلرز سمیت مختلف یونین کونسلوں کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اور وزیر صحت عامہ نے پارٹی پرچم پہنا کر جماعت میں شامل ہونے والے کارکنان کو خوش آمدید کہا۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل راٹھور نے کہا کہ سب سے پہلے اہلیان دبن خانپور کو شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ دبن خانپور میں 34 سال قبل مجھ سے پہلے انہی راستوں پر چل کر میرے والد ممتاز حسین راٹھور تشریف لائے تھے۔

وہ اس وقت ریاست کے وزیراعظم تھے اور آج میں بطور وزیراعظم انہی کے وعدے وفا کرنے کے لیے آیا ہوں۔ اس وقت دبن کے لوگوں نے ممتاز حسین راٹھور کے ساتھ وفاداری کرتے ہوئے چادر پر ووٹ ڈال کر مثال قائم کی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پیپلز پارٹی شہیدوں اور غازیوں کی جماعت ہے جس نے ملک پاکستان اور جمہوریت کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کو وہ حیثیت حاصل ہوئی کہ آج پاکستان بین الاقوامی سطح پر ثالثی کر رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پر ثالثی ہوگی اور ہمیں ہمارا حق خودارادیت ملے گا۔ وزیراعظم فیصل راٹھور نے کہا کہ پی پی کی حکومت نے مختصر عرصے میں اپنا سکہ منوایا اور کارکردگی ثابت کر کے دکھائی۔ یہ سات ماہ کی حکومت ٹریلر تھا۔

اسی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے پانچ سال کے لیے دوبارہ حکومت میں آئیں گے۔ ہم اپنی کمپین ختم کرنے جا رہے ہیں جبکہ ابھی ان کی کمپین کا آغاز بھی نہیں ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ بازل نقوی جس طرح اپنی عوام کے لیے درد اور جذبہ رکھتے ہیں، وہ مجھ سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔ آزاد کشمیر کے 33 حلقوں میں سے جو جدوجہد بازل نقوی اپنی عوام کے لیے کرتے ہیں، شاید میں بھی نہ کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دبن تا پیر اسی مار نیریاں روڈ، جو سیاحت کے لیے اہم ہے اور خطے کی تقدیر بدلنے والا گیم چینجر ثابت ہوگا، اسے بھی اسی بجٹ میں شامل کر کے عوامی مطالبہ پورا کیا جائے گا۔وزیر صحت عامہ سید بازل علی نقوی نے جلسے میں شرکت پر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا شکریہ ادا کیا۔انھوں نے کہا کہ فخر کشمیر اور عوامی وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے مرحوم والد کے 1991 کے تاریخی دورہ خانپور کی یاد ایک بار پھر تازہ کر دی اور یہ دورہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی عملی تکمیل کا مظہر ہے۔

انہوں نے معرکہ حق بنیان المرصوص میں چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر کی قیادت کو قومی وقار اور عالم اسلام کے لیے باعث افتخار قرار دیا۔ وزیر صحت عامہ نے دبن اور رتیالی میں آئندہ پانچ روز کے اندر فرسٹ ایڈ پوسٹ کے قیام کے احکامات جاری کئے، جبکہ دبن بوائز ہائی اسکول اور رتیالی مڈل اسکول کی اپ گریڈیشن اور چلیہان پرائمری اسکول کے قیام پر وزیراعظم آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کیا۔