اب ہمیں یہ کہنا پڑے گا کہ ہمارا سکور 0-8 ہے، ڈپٹی ایئر چیف

پاکستان کے ہاتھوں گرائے جانے والے بھارتی طیاروں میں 4 رافیلز، ایک ایس یو 3، ایک مگ 29، ایک میراج 2000 اور ایک مہنگا ترین ملٹی رول طیارہ گرایا؛ طارق غازی کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 مئی 2026 16:23

اب ہمیں یہ کہنا پڑے گا کہ ہمارا سکور 0-8 ہے، ڈپٹی ایئر چیف
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2026ء) پاک فضائیہ کے ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف پراجیکٹس ائیر وائس مارشل طارق غازی کا کہنا ہے ہم نے آپریشن بنیان المرصوص میں بھارت کے 8 طیارے گرائے، اب ہم 8 صفر پر ہیں۔ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ہاتھوں بھارت کے گرائے جانے والے طیاروں میں 4 رافیل، ایس یو 30، مگ 29 اور میراج 2000 شامل ہے، اس کے علاوہ ایک انتہائی مہنگا کثیرالجہتی خود کار ائیرل سسٹم بھی تباہ کیا، یعنی اب ہمیں یہ کہنا پڑے گا کہ ہمارا سکور 0-8 ہے۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے آپریشن کا نام سندور رکھا، پتہ نہیں کون سے سندور کی بات کر رہے ہیں، یہ سندور سے نکلتے ہی نہیں، کوئی مردانہ نام رکھ لیتے، بھارت کا دہشتگردی کا ڈرامہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو گیا، اس کو اب کوئی نہیں مانتا، ایک سال گزرگیا، ہمارے سوالات ابھی تک جواب طلب ہیں، لیکن اس ایک سال میں دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، بھارت کو ہر محاذ پر شکست ہوئی، افواج پاکستان قوم کی امنگوں پر پورا اتری ہے، اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے جس نے پاکستان کو عزت بخشی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر افواج پاکستان کی طرف سے آپ کو مبارک باد دیتا ہوں، معرکہ حق میں جو ہوا وہ ہندوستان کا بچہ بچہ بھی جانتا ہے، ہندوستان نے اس بات پر بہت محنت کی کہ دنیا کو یہ باور کراسکے کہ پاکستان دہشتگردی کے پیچھے ہے لیکن معرکہ حق میں شکست کے بعد یہ تمام دعوے زمین بوس ہو گئے، اس کے بعد دنیا کو پتہ چلا کہ بھارت صرف الزام لگا سکتا ہے، بھارت کا دہشتگردی کا ڈرامہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو گیا ہے، اس کو اب کوئی نہیں مانتا، کیوں کہ تم خود سب سے بڑے دہشتگرد ہو۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کہتے ہیں کہ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم کا پاک افواج، خصوصا پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا، معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے اپنی جنگی تیاروں کو دُنیا بھر میں ثابت کیا، پاک افواج خطے کی بدلتی جیو پولیٹیکل صورتحال سے باخبر ہیں، ہم جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہے ہیں، پاکستان نے ابتدا سے ہی شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، مگر بھارت نے الزامات اور پروپیگنڈے کا راستہ اختیار کیا، بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے اور دہشتگردی کو فروغ دینے میں ملوث ہے، اس وقت خطے میں اسحکام کا کوئی سفیر ہے تو وہ پاکستان اور پاکستان کی قیادت ہے۔