نکیال میں وزیر خوراک کی قیادت میںجشن معرکہ حق ریلی نکالی گئی

نوجوان موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے قافلوں کی صورت میں ریلی کا حصہ بنے جبکہ شہریوں نے راستوں میں کھڑے ہو کر شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں

جمعہ 8 مئی 2026 15:09

نکیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) سرحدی علاقے نکیال میں وزیر خوراک ٹیکنیکل ایجوکیشن وکے ڈی اے کی قیادت میںجشن معرکہ حق ریلی انتہائی جوش و جذبے قومی ولولے اور بھرپور عوامی شرکت کے ساتھ نکالی گئی ریلی میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر امڈ آیا جہاں ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار ملی نغموں کی گونج اور پاک فوج سے والہانہ محبت کا اظہار دیکھنے میں آیا نکیال اور گردونواح سے سیاسی سماجی مذہبی کاروباری تعلیمی اور عوامی حلقوں کے علاوہ نوجوانوںطلبہ تاجروں وکلاء بلدیاتی نمائندگان سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے افواج پاکستان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

ریلی کا انعقاد آپریشن بنیانُ المرصوص کی تاریخی کامیابی پر افواج پاکستان شہداء وطن اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اور غازیوں کو شاندار خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیا گیا ریلی کا آغاز غربی نکیال سے ہواشرکاء ہاتھوں میں پاکستان آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی کے پرچم بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے اور قومی یکجہتی کے پیغامات درج تھے ریلی مختلف شاہراہوں بازاروں اور اہم مقامات سے ہوتی ہوئی پراوہ چوک پہنچی جہاں ایک بڑے جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔

(جاری ہے)

ریلی کے دورا؂ن پاکستان زندہ بادپاک فوج زندہ بادکشمیر بنے گا پاکستان شہداء ہمارا فخر ہیںاوروطن کے محافظوں کو سلام کے فلک شگاف نعروں سے پورا علاقہ گونج اٹھا نوجوان موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے قافلوں کی صورت میں ریلی کا حصہ بنے جبکہ شہریوں نے راستوں میں کھڑے ہو کر شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں مختلف مقامات پر عوام نے پاک فوج اور شہداء کے حق میں بینرز آویزاں کر رکھے تھے جس سے پورا ماحول حب الوطنی کے رنگ میں رنگا ہوا دکھائی دیا۔

ریلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن (پی وائی او)، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف)، پارٹی کارکنان بلدیاتی نمائندگان، سماجی شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی مقررین نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہیں اور پوری قوم اپنی فوج پر فخر کرتی ہے۔

اس موقع پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خوراک ٹیوٹا و کے ڈی اے نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے ہر دور میں دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت جرات قربانیوں اور حکمت عملی سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا آپریشن بنیانُ المرصوص پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور دشمن کسی بھی جارحیت کے ذریعے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کی اور خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی مگر پاک فوج نے سیسہ پلائی دیوار بن کر نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا بلکہ بھرپور جواب دے کر اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے دشمن کے جدید جنگی جہازوں کو فضا میں تباہ کیا اس کی عسکری برتری کے دعوؤں کو زمین بوس کیا اور پوری دنیا کو باور کرایا کہ پاکستانی افواج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں۔

جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ کشمیری عوام پاک فوج کو اپنی امید طاقت اور محافظ سمجھتے ہیں کیونکہ افواج پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کی اور ہر مشکل وقت میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی افواج پاکستان کی قربانیوں کی بدولت آج پاکستان ایک مضبوط مستحکم اور باوقار ریاست کے طور پر دنیا میں ابھر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور وطن عزیز کے دفاع سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء پاک فوج ہمارا فخر اور قومی سرمایہ ہیں جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گاآج ہم جس آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں یہ ہمارے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے قوم اپنے بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیر خوراک نے کہا کہ پاکستان آج عالمی سطح پر امن استحکام اور ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنی پہچان بنا رہا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان نے بے مثال قربانیاں دے کر ملک میں امن قائم کیا جبکہ عالمی برادری بھی پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور امن کے لیے کردار کو تسلیم کر رہی ہے آج پاکستان جنگیںرکو ا رہاہے انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان اور کشمیر کے عوام کے اتحاد سے خوفزدہ ہے مگر پاکستانی قوم ہر سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی ترقی خوشحالی استحکام اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ شہدائِ پاکستان پاک فوج کے درجات کی بلندی اور غازیوں کی سلامتی کے لیے بھی دعا کی گئی۔