Live Updates

حکومت نے پٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے کے ساتھ لیوی کی شرح میں بھی بھاری اضافہ کردیا

پٹرول پر لیوی کی شرح 117 روپے 41 پیسے فی لٹر مقرر، ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی بڑھا کر 42 روپے 60 پیسے فی لٹر ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 مئی 2026 11:00

حکومت نے پٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے کے ساتھ لیوی کی شرح میں بھی بھاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2026ء) حکومتِ پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے ساتھ ساتھ لیوی کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈالتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کر دیا ہے، اس بار نہ صرف قیمتیں بڑھائی گئی ہیں بلکہ پٹرولیم لیوی میں بھی 13 روپے 91 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، اضافے کے بعد پٹرول پر لیوی کی شرح 117 روپے 41 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی بڑھا کر 42 روپے 60 پیسے فی لٹر کی گئی ہے جب کہ ڈیزل پر فریٹ مارجن میں 9 روپے 38 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اب یہ 7 روپے 75 پیسے ہوگیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہوا ہے، وہیں حکومت نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف بھی دیا ہے، مٹی کا تیل 41 روپے 80 پیسے سستا ہونے کے بعد نئی قیمت 318 روپے 96 پیسے مقرر کی گئی ہے، لائٹ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 21 روپے 07 پیسے کی کمی کے بعد نئی قیمت 265 روپے 84 پیسے مقرر ہوئی ہے، جب کہ ہوائی جہازوں میں استعمال ہونے والا ایندھن 53 روپے 11 پیسے فی لٹر مہنگا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد جیٹ فیول کی قیمت 441 روپے 66 پیسے فی لٹر تک پہنچ گئی، اس اضافے سے فضائی سفر کے کرایوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات