قوم کا ہر فرد افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے،مخدوم سید احمد محمود

ہفتہ 9 مئی 2026 17:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پر امن مگر خود دار اور باوقار ریاست ہے،تاہم جب بھی وطنِ عزیز کی سلامتی،خودمختاری اور قومی وقار کو چیلنج کرنے کی کوشش کی گئی،پوری پاکستانی قوم نے اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیزی،جنگی جنون اور خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہیں۔ایسے نازک اور حساس حالات میں افواجِ پاکستان نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت،جرات،حکمتِ عملی اور ذمہ دارانہ انداز میں دشمن کو موثر اور منہ توڑ جواب دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں محفوظ ہے۔

(جاری ہے)

مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں کی جانب سے دشمن کے جنگی طیاروں اور ڈرونز کو تباہ کرنا محض عسکری کامیابی نہیں بلکہ قومی وقار،خود اعتمادی اور دفاعی برتری کا واضح اظہار ہے۔لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پسپائی اور سفید پرچم لہرانا اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ بھارتی غرور اور جنگی دعوے پاکستانی افواج کے عزم و حوصلے کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم،سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔پاکستان کا ہر نوجوان،ہر بزرگ،ہر ماں، بہن اور بیٹی وطن کے دفاع کے لیے جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے۔شہادت ہمارے لیے اعزاز جبکہ وطن کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی جن کے لہو نے اس سرزمین کی حفاظت کو ناقابلِ شکست بنا دیا۔