عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لئے پائیدار پالیسیوں کی ضرورت ہے، گورنر سندھ

آج کی دنیا سیاسی، معاشی اور ماحولیاتی چیلنجز کے باعث غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے،سید محمد نہال ہاشمی کا خطاب

ہفتہ 9 مئی 2026 19:35

․کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ آج کی دنیا سیاسی عدم استحکام، معاشی دباؤ، ماحولیاتی تبدیلیوں، تیز رفتار ٹیکنالوجی اور نئی جغرافیائی سیاسی کشیدگیوں کے باعث غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، ایسے حالات میں علمی مکالمہ، تحقیق اور مؤثر پالیسی سازی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لئے اجتماعی دانش، بین الاقوامی تعاون اور پائیدار پالیسیوں کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افئرز کے زیر اہتمام شLiving on the Threshold of Global Crisesصکے عنوان سے منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کانفرنس کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ تقریب میں اساتذہ کرام، محققین، سفارتکاروں، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افئرز نے دہائیوں سے پاکستان میں علمی تحقیق، بین الاقوامی امور کے مطالعہ اور پالیسی ڈائیلاگ کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ بانیانِ پاکستان کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس میں ایک باشعور، مضبوط اور عالمی سطح پر باوقار پاکستان کا تصور پیش کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، توانائی بحران اور عالمی معیشت کی غیر یقینی صورتحال جیسے مسائل کا سب سے زیادہ اثر ترقی پذیر ممالک پر پڑ رہا ہے، اس لئے عالمی برادری کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت، سفارتی روابط اور خطے میں امن و استحکام کے لئے مسلسل کردار کے باعث عالمی سطح پر ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ابھرا ہے اور پاکستان ہمیشہ مذاکرات، امن اور تعاون کا حامی رہا ہے۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے نوجوانوں کو پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحقیق، تعلیم اور جدید علوم کے ذریعے ہی نئی نسل مستقبل کے عالمی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکتی ہے۔

گورنر سندھ نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس نہ صرف علمی تبادلہ? خیال کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی بلکہ مستقبل کی پالیسی سازی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ آخر میں انہوں نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افئرز کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔اس سے قبل کانفرنس کے آغاز پر انسٹیٹیوٹ کی چئرپرسن ڈاکٹر معصومہ حسن نے ادارے کے اغراض و مقاصد، کانفرنس کی اہمیت اور شرکاء کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد عالمی بحرانوں کے تناظر میں علمی و پالیسی سطح پر مؤثر مکالمے کو فروغ دینا ہے۔دو روزہ کانفرنس میں مختلف سفارتکار، ملکی و غیر ملکی ماہرین، محققین اور پالیسی ساز عالمی بحرانوں، علاقائی صورتحال، سفارتی چیلنجز، ماحولیاتی تبدیلیوں اور پائیدار ترقی سمیت مختلف اہم موضوعات پر اظہارِ خیال کریں گے۔