معرکہ حق - بنیان مرصوص کو ایک سال مکمل ہونے پر سندھ گورنر ہاؤس میں پروقار تقریب

پاکستان کے خلاف ہر جارحیت کا پہلے سے زیادہ سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاک افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر دنیا پر پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کو ثابت کردیا،گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی

ہفتہ 9 مئی 2026 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ آج کی یہ پروقار تقریب اُن شہداء، غازیوں اور ان کی عظیم ماؤں کے نام ہے جنہوں نے اس قوم کو ایسے گوہرِ نایاب عطا کیے جنہوں نے وطنِ عزیز کی عزت و حرمت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ شمعرکہ حق-بنیان مرصوصص پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک روشن باب ہے جس میں افواج پاکستان نے بے مثال اتحاد، جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر مستقبل میں کسی نے پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت، سازش یا مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے پہلے سے بھی زیادہ سخت، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سندھ گورنر ہاؤس کراچی میں شمعرکہ حقطبنیان مرصوصص کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ ایک عظیم الشان اور پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں کور کمانڈر کراچی ، کمانڈر کراچی پاکستان نیوی، کمانڈر کوسٹل ایریا، ڈی جی رینجرز سندھ ، صدر ائر وار کالج ائر وائس، آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، کمشنر کراچی حسن نقوی، اعلیٰ عسکری و سول حکام، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، تاجر و صنعتکار برادری، ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات اور شہر کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ گزشتہ برس خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال میں پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے بری، بحری اور فضائی محاذوں پر مثالی حکمتِ عملی اور غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دنیا پر واضح کردیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

گورنر سندھ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، ایڈمرل نوید اشرف اور تینوں مسلح افواج کے افسران و جوانوں کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات، عزم اور مربوط حکمتِ عملی نے دشمن کو عالمی سطح پر رسوائی سے دوچار کیا۔انہوں نے قومی مفاد کے تحفظ اور دشمن کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں پاکستانی میڈیا کے کردار کو بھی سراہا اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس سے قبل تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر افواجِ پاکستان، شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی ڈاکومنٹریز اور آئی ایس پی آر کا ملی نغمہ بھی پیش کیا گیا جسے شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا۔تقریب سے سابق گورنر سندھ لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر، ائیر وائس مارشل (ر) اوسید الرحمان عثمانی، وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی اور سینیٹر جاوید جبار نے بھی خطاب کیا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے قومی یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ شمعرکہ حق-بنیان مرصوصص کو ایک سال مکمل ہونے پر کیک بھی کاٹا گیا۔