محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کردیا

سندھ کے تمام نجی وسرکاری سکولوں میں یکم جون سے 31جولائی تک چھٹیاں ہوں گی، سندھ میں تعطیلات تعلیمی کلینڈر کے مطابق منظور شدہ ہیں

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 11 مئی 2026 21:45

محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 11 مئی 2026ء ) محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے۔ میڈیا کے مطابق سندھ میں تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31جولائی تک ہوں گی۔ سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات تعلیمی کلینڈر کے مطابق منظور شدہ ہیں۔ محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی فروری میں موسم گرما تعطیلات کا فیصلہ کرچکی تھی۔

واضح رہے پنجاب حکومت نے بھی صوبہ بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت تعطیلات 22 مئی سے شروع ہو کر 23 اگست تک جاری رہیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سمری کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کے مطابق شدید گرمی، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور طلبہ کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے موسم گرما کی چھٹیوں کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اسکولوں کی تعطیلات جمعہ 22 مئی سے شروع ہوں گی۔ ان شاء اللہ تعلیمی ادارے پیر 24 اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ دوسری جانب تعلیمی حلقوں اور والدین کی جانب سے حکومت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث طلبہ کی حاضری متاثر ہو رہی تھی، ایسے میں قبل از وقت تعطیلات کا اعلان ایک ضروری اقدام تھا۔ دریں اثناء راولپنڈی کے والدین اور طلبہ نے حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور دوپہر کے اوقات میں سکول آنے جانے والے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا لہٰذا حکومت کا فیصلہ بروقت اور عوامی مفاد میں ہے۔