مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فورسز کی محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں تیز، مقامی لوگوں میں احساس عدم تحفظ میں اضافہ

منگل 12 مئی 2026 17:13

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے راجوری اور پونچھ اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں جس سے مقامی لوگوں میں خوف ودہشت اور احساس عدم تحفظ د بڑھ گیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے راجوری کے علاقے درہال میں تلاشی کی ایک بڑی کارروائی شروع کی۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوںکامقصد جان بوجھ کر خوف ودہشت کا ماحول قائم کرناہے ۔ سرینگر میں بھارتی پولیس نے بابا ڈیم کے علاقے کے قریب محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیاہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں بشمول ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ پر زور دیا ہے کہ وہ تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی فوری رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی اوران کے ساتھ غیر انسانی سلوک پرتشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کشمیریوں کی املاک ضبط اور مسمار کرنے کی بھارتی پالیسی کی مذمت کی۔ راجوری میں گورنمنٹ میڈیکل کالج کے نان گزیٹڈ ملازمین نے قابض انتظامیہ کی ملازم کش پالیسیوں کے خلاف دو روزہ احتجاج شروع کیاہے۔

بھارتی قابض حکام نے اظہار رائے کی آزادی پر ایک اور حملہ کرتے ہوئے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی ویڈیو کلپ شیئر کرنے پر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التجا مفتی کا ایکس اکاﺅنٹ بلاک کر دیاہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے کشمیریوں کی آواز دبانے پر قابض انتظامیہ کے اس اقدام پر کڑی تنقید کی ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کانگریس کے کارگزار صدر رمن بھلا نے جموں میں بیوروکریسی کی حکمرانی پر تنقید کرتے ہوئے علاقے کی مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی مطالبہ کیاہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، ناقص انفراسٹرکچر اور انتظامی ناکامی کی وجہ سے بڑھتی ہوئی عوامی مشکلات پر افسوس کا اظہار کیا۔ سرینگر میں تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل ایک موٹر سائیکل کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا، جبکہ پیر کی گلی میں ایک سڑک حادثے میں 20راشٹریہ رائفلز کے تین فوجی زخمی ہوگئے۔ ضلع اسلام آباد میں دارالعلوم بابا حیدری ریشی میں آتشزدگی سے مدرسے کا ایک طالب علم جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔