مشکل حالات میں بھی نرسز کا انسانیت کی خدمت کے لیے کلیدی کردار ہے، وزیر اعظم

منگل 12 مئی 2026 17:20

مشکل حالات میں بھی نرسز کا انسانیت کی خدمت کے لیے کلیدی کردار ہے، وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں بھی نرسز کا انسانیت کی خدمت کے لیے کلیدی کردار ہے، عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی باآسانی اور موثر فراہمی نرسز کی خدمات کے بغیر ممکن نہیں، انسانیت کے لئے ان کی بیش قدر خدمات باعث فخر ہیں۔منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے نرسز کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ نرسز کے عالمی دن پر دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان میں شعبہ طب سے منسلک مرد و خواتین نرسز کی انسانیت کے لیے بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،عالمی سطح پر انٹرنیشنل کونسل آف نرسز کی جانب نرسز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختص کردہ یہ دن شعبہ طب میں باہمی عالمی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے، اس سال یہ دن ’’نرسز ہمارا مستقبل۔

(جاری ہے)

بااختیار نرسز زندگی بچاتے ہیں‘‘کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔ یہ موضوع بلا شبہ نرسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین طبی تربیت کی ضرورت کا عکاس ہے جدید تریبت سے آراستہ نرسز بروقت طبی امداد سے قیمتی جانوں کو بچا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کے لئے مرد و خواتین نرسز کی بیش قدر خدمات باعث فخر ہیں،بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لئے نرسز کی تیمارداری انسانی خدمت کے جذبہ کی عکاس ہے، اپنی خدمات کے عوض مراعات سے قطع نظر مشکل حالات میں بھی نرسز انسانی خدمت کے لیے صف اول میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ،کسی بھی ملک میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی باآسانی اور موثر فراہمی نرسز کی خدمات کے بغیر ممکن نہیں ۔

انہوںنے کہاکہ شعبہ طب کی مضبوطی کا دارومدار بہت حد تک ڈاکٹر اور نرسز کی متناسب موجودگی میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک میں یہ تناسب مزید بہتر کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ اس تناظر میں تمام متعلقہ ادراوں، صوبائی حکومتوں کے ساتھ حکمت عملی پر کام جاری ہے۔