cنائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کویتی ہم منصب سے رابطہ

۹پاکستان اور کویت کا مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار، آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش پر تبادلہ خیال ش* کویت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کی امن کوششوں کی تعریف

جمعرات 14 مئی 2026 04:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2026ء) پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس اہم گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و امان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ کویتی وزیر خارجہ نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی جانب سے عالمی و علاقائی امن کے قیام کے لیے کی جانے والی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی۔ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کے تناؤ اور بین الاقوامی تجارتی گزرگاہوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے خدشات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ اگر ایسا ہوا تو اس کے عالمی معیشت اور سپلائی چین پر انتہائی منفی اور سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران پاکستان کے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور پوری دنیا میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور اس مقصد کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ علاقائی بحرانوں کا جلد، پائیدار اور پرامن حل تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ٹیلیفونک رابطے کے اختتام پر دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اہم عالمی معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کے عزم کا اعادہ کیا