صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی کی زیر صدارت جمعیت علماء اسلام سندھ کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس

منگل 2 جون 2026 18:12

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2026ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم لیوی، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ، پانی کی قلت اور بے روزگاری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے جبکہ حکمران عوامی مشکلات کے حل کے بجائے اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں، اجلاس میں ارسا کی جانب سے خریف سیزن کے دوران سندھ کے حصے کے پانی میں 28 فیصد کمی کو سندھ کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پانی کے زائد استعمال کی اجازت 1991 کے آبی معاہدے کی خلاف ورزی ہے جسے فوری طور پر روکا جائے، اجلاس میں مقررین نے سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، قبائلی تنازعات، جرائم کی وارداتوں اور امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا، اجلاس میں مدارس اور مساجد کے خلاف سازشوں کو بند کرنے، شعائر اسلام کے تحفظ کو یقینی بنانے، جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور تمام سیاسی و سماجی اسیران کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا، اجلاس نے تعلیم اور صحت کے شعبوں اور ملازمین کے بجٹ میں نمایاں اضافے، جمہوری اور سیاسی عمل کو مضبوط بنانے، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے حکومتی اخراجات میں کمی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا، مجلس عاملہ نے سندھ کی تقسیم کی ہر سازش کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارویں آئینی ترمیم کے خلاف کسی بھی قسم کی کوشش سندھ کے عوام کے حقوق پر حملہ تصور کیا جائے گا جس کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن عالم اجتماع کی تاریخی کامیابی کے لیے بھرپور جدوجہد اور ڈویژن اور تحصیل سطح پر مہم جاری رہے گی، اجلاس میں کہا گیا کہ پیارے پیغمبر ﷺ کی ختم نبوت ہمارے ایمان کی ریڈ لائن ہے جھوٹے نبی کے دعویدار قادیانیوں اور ان کے حامیوں کو ملک کے آئین کے تحت قانون کے کٹہڑے میں لایا جائے، اجلاس میں مولانا محمد صالح الحداد، سید سراج احمد شاہ امروٹی، مولانا عبدالمجیب قریشی، مفتی سعود افضل ہالیجوی، عبدالرزاق عابد لاکھو، مولانا محمد صالح انڈھڑ، حاجی عبدالملک ٹالپر، ڈاکٹر اے جی انصاری، مولانا محمد رمضان پھلپوٹو، مولانا محمد اسحاق لغاری، سلیم سندھی، سمیع الحق سواتی، مولانا منظور احمد سومرو، مولانا عبدالحمید مہر، ایڈو کیٹ غلام سرور بلیدی، حاجی رفیق احمد سومرو، مولانا فتح محمد مہیری، مولانا عبدالجبار حیدری سمیت دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں کہا گیا کہ 19، 20 اور 21 مارچ 2027ء کو سکھر میں منعقد ہونے والے تاریخی امن عالم اجتماع کی تیاریوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا اجتماع میں بیت اللہ شریف، مسجد نبوی، بیت المقدس مسجد اقصی سمیت دیگر عائمہ کرام، مختلف ممالک کے اسکالرز، امن کے سفیروں، مذہبی قائدین اور تمام مکاتب فکر کے اکابرین کو شرکت کی دعوت دی جارہی ہے اس مقصد کے لیے ملکی و بین الاقوامی سطح پر وفود مختلف طبقات، اداروں اور شخصیات سے ملاقاتیں کرکے دعوت نامے دئیے جائیں گے۔