Live Updates

بجٹ بارے عوامی شعور اجاگر کرنا اور ماہرین کی آرا پالیسی سازوں تک پہنچانا ضروری ہے،نعیم اقبال نعیم

بدھ 3 جون 2026 19:57

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2026ء) ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن گلوبل وژن فار اِنکلیوسیو پروگریس اور این سی بی اے اینڈ ای ملتان کے اشتراک سے پاکستان پری بجٹ ٹاک 2026-27 کے عنوان سے ایک اہم پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین تعلیم، ماہرین معیشت، سماجی رہنماؤں، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی بجٹ کے حوالے سے عو امی شعور اجاگر کرنا اور ماہرین کی آراء کو پالیسی سا زوں تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عوامی مسائل کے حل اور معاشی استحکام کے لیے مؤثر پا لیسیاں تشکیل دی جا سکیں۔پینل ڈسکشن میں پروفیسر ڈاکٹر محمد عاصم رجوانہ، پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، پروفیسر اسامہ بشیر قریشی، پروفیسر محمد زبیر سعید، محمد احسن بھٹہ، پروفیسر ڈاکٹر ریاض حسین اور پروفیسر ڈاکٹر محمد انیس انصاری نے اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں مہنگائی پر قابو پانے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، تعلیم اور صحت کے شعبوں کے لیے فنڈز بڑھانے اور صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔پروفیسر ڈاکٹر عاصم رجوانہ اور پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ نوجوانوں کی فنی تربیت، آئی ٹی سکلز اور فری لانسنگ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ نوجوان ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

پروفیسر اسامہ بشیر قریشی نے زور دیا کہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جائے لیکن عام شہری اور تنخواہ دار طبقے پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی، زرعی شعبے کی بحالی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنے کی تجاویز بھی پیش کیں۔ تقریب کے اختتام پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈ آف اپریسی ایشن پیش کیے گئے ۔ شرکا نے ایسے علمی مکالموں کے تسلسل کے عزم کا اظہار کیا۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات