گلگت بلتستان انتخابی سامان کی ترسیل شروع، گورنر کی الیکشن کمشنر سے ملاقات

گلگت بلتستان کے گورنر مہدی شاہ نے چیف الیکشن کمشنر راجا شہباز سے ملاقات کی اور انتخابی تیاریوں پر تبادلہ خیال

جمعرات 4 جون 2026 21:25

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2026ء) گلگت بلتستان میں 7 جون کو شیڈول انتخابات کے لیے تمام 24حلقوں میں انتخابی سامان کی ترسیل شروع کردی گئی ہے۔گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو 24 حلقوں میں بیلٹ پیپرز سمیت انتخابی سامان کی ترسیل شروع کردی ہے، انتخابی سامان میں بیلٹ پیپرز، ووٹرفہرستیں اور مہریں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس اور رینجرز کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل جاری رہی۔گلگت بلتستان میں انتخابی گہماگہمی کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ الیکشن کمیشن پہنچے اور چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی۔گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ اور چیف الیکشن کمیشن کے درمیان ایک گھنٹے تک ملاقات جاری رہی، جس کے بعد گورنر واپس روانہ ہوگئے، ملاقات میں گورنر اور چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔