کراچی، محرم الحرام میں عزاداری پروگراموں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے، مجالس و جلوس امتِ مسلمہ کے اتحاد کی علامت ہیں، مجلس وحدت مسلمین

مجالس و جلوسوں کے راستوں کی صفائی، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے،علامہ مبشرحسن

پیر 15 جون 2026 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2026ء) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ عزاداریِ امام حسین امتِ مسلمہ کے درمیان وحدت، رواداری اور حق و باطل کے فرق کو اجاگر کرنے کا موثر ذریعہ ہے، محرم الحرام کے دوران عزاداری کے تمام پروگراموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی شرپسند عنصر کو امن خراب کرنے کا موقع نہ مل سکے۔

وحدت ہائوس کراچی میں دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ مبشر حسن نے کہا کہ تمام مرکزی جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں جبکہ اضافی نفری تعینات کر کے سیکیورٹی انتظامات مزید موثر بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں وحدت اسکاٹس کے نوجوان ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جلوسوں کے تحفظ اور نظم و ضبط میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی مسائل پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو خصوصی توجہ دینا ہوگی، خصوصا ایامِ عزا میں مجالس و جلوسوں کے راستوں کی صفائی، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک ماضی کی طرح سبیلوں کے لیے بجلی کے میٹر فراہم کرے اور محرم الحرام کے دوران لوڈشیڈنگ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

علامہ مبشر حسن نے کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے مشترکہ سیاسی جدوجہد کا دعوی کرنے والی جماعتیں ماضی میں اقتدار میں رہنے کے باوجود شہری مسائل حل کرنے میں ناکام رہیں، انتظامی کمزوریوں اور عوامی مسائل سے غفلت نے شہر کے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام لائسنس یافتہ اور روایتی جلوس حسبِ روایت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ نکالے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواداری اور باہمی احترام مذہبی اقدار کا حصہ ہیں، علما کرام تمام مسالک کے بنیادی عقائد کے احترام کو مقدم رکھتے ہوئے اتحاد و اخوت کے فروغ میں کردار ادا کریں۔انہوں نے بعض اضلاع میں معتدل علما اور ذاکرین کے داخلے پر عائد پابندیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے علما ہمیشہ وحدت و ہم آہنگی کا پیغام دیتے رہے ہیں اور مختلف مکاتبِ فکر میں انہیں احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اس لیے ایسی پابندیوں پر نظرثانی کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ایف آئی آر کی سیاست کامیاب نہیں ہوگی اور عزاداری کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔پریس کانفرنس میں علامہ صادق جعفری، علامہ ملک غلام عباس، سید رضی حیدر رضوی، محمد میاں زیدی، زین جعفری، علی نیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔