یونیورسٹی آف اٹک کا قیام نوجوان نسل کیلئے ایک تاریخی تحفہ ہے ،سردار ظہیر خان کھٹڑ

جمعہ 19 جون 2026 14:29

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع اٹک کے سینئر نائب صدر اور گورنر پنجاب کے کوآرڈینیٹر برائے حلقہ این اے 50 سردار ظہیر خان کھٹڑ، تحصیل صدر جنڈ ملک غلام اصغر انجراء اور سیکرٹری اطلاعات طارق محمود قادری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یونیورسٹی آف اٹک کا قیام ضلع اٹک کے عوام بالخصوص نوجوان نسل کیلئے ایک تاریخی تحفہ ہے جس کا سہرا گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے سر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا اسے عملی جامہ پہنا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ عوامی خدمت اور علاقائی ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف اٹک کا قیام گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا دیرینہ خواب تھا جس کی تعبیر آج ضلع اٹک کے عوام کو میسر آ چکی ہے۔

(جاری ہے)

اس اہم تعلیمی ادارے کے قیام سے ضلع اٹک، فتح جنگ، حسن ابدال، پنڈی گھیب، جنڈ اور دیگر نواحی علاقوں کے ہزاروں طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے دور دراز شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ انہیں اپنے ضلع میں ہی معیاری اور جدید تعلیم کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

پیپلز پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ یونیورسٹی آف اٹک نہ صرف تعلیمی میدان میں انقلاب برپا کرے گی بلکہ ضلع کی معاشی اور سماجی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ یونیورسٹی کے قیام سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، مقامی کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور علاقے میں علمی و تحقیقی ماحول فروغ پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہوتے ہیں اور یونیورسٹی آف اٹک آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ثابت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ہمیشہ ضلع اٹک کے عوام کے مسائل کو ترجیح دی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے علاقے کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں۔\378