کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے اعلی سطحی وفد کی پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے صدر سے ملاقات

اتوار 5 جولائی 2026 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2026ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن سے ملاقات کی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری پرویز احمد ایڈووکیٹ، شیخ عبدالمتین، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی شامل تھے۔

، جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کی جانب سے زاہد شمیم خان،ام محمد نعیم خان امیدوار اسمبلی L40 سندھ، خوشحال احمد بٹ جنرل سیکرٹری AJK سندھ م اور دیگر مرکزی ذمہ داران بھی ملاقات میں شریک تھے۔ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال، بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفد نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا فوری نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔کنوینر غلام محمد صفی نے صدر مسلم لیگ (ن) سندھ بشیر میمن کو 8 جولائی کو شہید برہان مظفر وانی کی دسویں برسی کے موقع پر آرٹس کونسل کراچی سے کراچی پریس کلب تک منعقد ہونے والی عظیم الشان کشمیر ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ریلی شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے اظہار اور عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔بشیر میمن نے کشمیری عوام کی قربانیوں اور جدوجہد آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کنجی ہے اور اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے 8 جولائی کی کشمیر ریلی میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ اس اہم پروگرام میں بھرپور نمائندگی کرے گی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی آواز کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔