پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے 5 جولائی یوم سیاہ کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں

جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور قانون کی حکمرانی ہی مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، رہنما پیپلز پارٹی

اتوار 5 جولائی 2026 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے 5 جولائی یوم سیاہ کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔پی پی ساتھ کی مرکزی ریلی سندھ اسمبلی سے کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی ضلع ساتھ کے صدر جاوید ناگوری اور دیگر کی۔

پیپلز پارٹی ضلع وسطی کی ریلی فائیو اسٹار سے بورڈ آفس ناظم آباد تک نکالی گئی۔ان ریلیوں میں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ان ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماں نے کہا کہ 5 جولائی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ 5 جولائی 1977 کو جمہوریت پر شب خون مارا گیا اور قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹا گیا۔

(جاری ہے)

شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کے لیے لازوال قربانی دی۔ان رہنماں نے کہا کہ ملک کو ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ جمہوری سفر میں رکاوٹیں پاکستان کے مفاد میں نہیں رہیں۔ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ جمہوری نظام کی حمایت کی ہے۔ سیاسی قوتوں کو آئین کی پاسداری پر یکجا ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور قانون کی حکمرانی ہی مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف تاریخی جدوجہد کی۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوریت کے تحفظ کے لیے کھڑی رہی ہے۔ 5 جولائی کا سیاہ باب کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا. انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہی پاکستان کے استحکام، ترقی، قومی یکجہتی اور مضبوطی کی ضامن ہے، جبکہ ملک کی حقیقی طاقت جمہوری تسلسل، آئینی بالادستی اور عوام کے مینڈیٹ کے احترام میں پوشیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ہر قیمت پر آئین، جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی کا دفاع کرتے رہیں گے اور ملک میں جمہوریت و قومی سالمیت کے خلاف ہر سازش کو عوامی طاقت سے ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ کے موقع پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ جمہوریت کے خلاف کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔ ان رہنمائوں نے شہید عوام ذوالفقار علی بھٹو کی جدوجہد، قربانیوں اور جمہوری خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نظریہ اور جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا سرچشمہ رہے گی۔