قومی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی خوشحالی کا واحد راستہ مضبوط جمہوری نظام، شفاف طرزِ حکمرانی اور آئین پر مکمل عمل درآمد ہے،پی پی بلوچستان

اتوار 5 جولائی 2026 22:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2026ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی طاقت، پارلیمنٹ کی بالادستی، وفاق کی مضبوطی، آئین کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے فروغ کو اپنی سیاست کا بنیادی اصول بنایا ہے، قومی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی خوشحالی کا واحد راستہ مضبوط جمہوری نظام، شفاف طرزِ حکمرانی اور آئین پر مکمل عمل درآمد ہے،5جولائی 1977ء کو ایک ڈکٹیٹر نے عوام کے ووٹ سے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر ملک میں مارشل لا نافذ کیا گیاپاکستان پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے خود ختم ہوگئے پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے،پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے حلقہ بی پی 44میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں جس کی ماضی میں کوئی نظیرنہیںملتی ۔

(جاری ہے)

یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے مرکزی رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج ، ثناء اللہ جتک ، حاجی لعل جان جتک ، سرداراکرم بنگلزئی ،میر نصیب اللہ شاہوانی طارق سرپرہ ، خدائے نظر کبدانی ، میر وسیم بنگلزئی ، حسیب بنگلزئی ، شیراحمد بنگلزئی، ملک ساجد بنگلزئی ، یاسین بنگلزئی ،امیر بخش لہڑی ،ابرار جعفر اوردیگر نے جمعرات کو یوم سیاہ کی مناسبت سے گورگیج ہاؤس جناح ٹاؤن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سعید احمد بنگلزئی ، منظوراحمد ، عبدالرزاق بنگلزئی ،منیراحمد بنگلزئی ظہیر احمد بنگلزئی ،عبدالسلام ، نعمت اللہ ،عزت اللہ ،اسد اللہ نورزئی ،محب اللہ ،خان زیب مگسی ، خدا بخش مگسی ، جاوید بنگلزئی ،خلیل احمد ،صوبیدار مگسی ، رحمتاللہ ، احمد ،محمد فاروق ، تنویر بنگلزئی ،ْعطاء محمد مگسی ، ضیاء الرحمن سدوزئی ، سراج خان مینگل ،اعجاز مگسی ،آفتاب بنگلزئی ، عبیداللہ ، محمد جمیل ،ابراہیم ، نصیب بنگلزئی ،غلام قادر ،محمدانور محمد شہی ، صابرمگسی ،عبدالقیوم مگسی اوردیگر نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت بلوچستان نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی سے مستعفی ہوکر رکن بلوچستان اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہاکہ 5 جولائی 1977 پاکستان کی سیاسی اور جمہوری تاریخ کا ایک المناک باب ہے، جب عوام کے ووٹ سے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر ملک میں مارشل لا نافذ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن قوم کو جمہوریت پر حملے، آئین کی پامالی اور عوامی مینڈیٹ کی بے توقیری کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ جمہوریت ہی عوامی مسائل کے حل، قومی ترقی، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور ریاستی استحکام کی ضامن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ غیر جمہوری اقدامات نے ہمیشہ ملک کی سیاسی، سماجی اور معاشی ترقی کو متاثر کیا، جمہوری اداروں کو کمزور کیا اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور، آئینی حقوق اور بااختیار بنانے کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر جمہوریت، آئین اور عوامی حقِ حکمرانی کے اصولوں کی حفاظت کی۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی عوام دوست پالیسیاں آج بھی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا روشن باب ہیں اور ان کا وژن عوامی خدمت اور قومی ترقی کی علامت ہے۔مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام دستیا ب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبے میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رکن صوبائی اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے اپنے اڑھائی سالہ دور میں حلقہ پی بی 44سریاب میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کروائے ہیں جس سے لوگ مستفید ہورہے ہیں اور اب بھی کروڑوں روپے کی لاگت سے کام جاری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے جو عوام کی بلا رنگ ونسل خدمت پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ آج عوام قوم پرست جماعتوں سے مایوس ہوکر جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شمولیت کر رہے ہیں ہم نئے شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہیں اورانہیں یقین دلاتے ہیں انکے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائیں گے۔