جے یوآئی عوام کیساتھ مل کرسندھ کوامن کا گہوارہ بنائے گی،علامہ راشد محمودسومرو

چاکیواڑہ، لیاری میں ضلع جنوبی کراچی کی جنرل کونسل اورلیاری، صدراورکلفٹن ٹاؤنز کی مجالسِ عمومی کا مشترکہ اجلاس

جمعرات 9 جولائی 2026 22:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2026ء) جمعیت علماء اسلام ضلع جنوبی کراچی کی جنرل کونسل اورلیاری، صدر اور کلفٹن ٹاؤنز کی مجالسِ عمومی کا مشترکہ اجلاس جامعہ ترتیل القرآن صدیقیہ، عیدگاہ چاکیواڑہ، لیاری میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں امنِ عالم اجتماع 2027ئ سکھر کی تیاریوں، تنظیمی سرگرمیوں، عوامی رابطہ مہم اور ملک بالخصوص کراچی کی موجودہ سیاسی و سماجی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے صوبائی امیر مولانا سائیں عبدالقیوم ہالیجوی، صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، مولانا سراج احمد شاہ امروٹی، قاری محمد عثمان، مرکزی سالار انجینئرعبدالرزاق عابد لاکھو، مولانا محمد صالح اندھڑ، حاجی عبدالملک ٹالپر، مولانا سمیع الحق سواتی، مفتی حسن لانگاہ، سلیم سندھی، جے ٹی آئی سندھ کے صدر اسامہ محمود ہالیجوی، جنرل سیکریٹری محمد علی درس، جمعیت علماء اسلام ضلع جنوبی کراچی کے امیر مولانا نورالحق، جنرل سیکریٹری عبدالحق مخلص، مفتی عبدالخالق سولنگی، مولانا نصیراللہ چغرزئی، مولانا عبداللہ بلوچ، قاری نورالرحمن صدیقی، سید لقمان شاہ، مولانا جبران ملازئی، سید کلیم شاہ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر اور جمعیت علماء اسلام کے اقلیتی رہنما ڈاکٹر جے پرکاش، تحصیل ٹل (ہنگو) کے میئر مفتی محمد عمران، ضلع غربی کراچی کے امیر مفتی محمد خالد، مدرسہ کے مہتمم مفتی زبیر ولی محمد حسنی، سید عبیداللہ شاہ، مولانا عبدالوکیل، ڈاکٹر مذمبرخان، اختر جاوید خان، عادل بلیدی، مولانا محمد عیسیٰ، عبدالوحید سولنگی، عبدالقیوم، مولانا نوید بلوچ، خلیل بلوچ سمیت ضلع جنوبی اور لیاری، صدر و کلفٹن ٹاؤنز کے دیگر ذمہ داران، اراکینِ مجالسِ عمومی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جے یوا?ئی عوام کے ساتھ مل کر سندھ کو امن، استحکام، بھائی چارے اور ترقی کا گہوارہ بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امنِ عالم اجتماع 2027ء سکھر محض ایک روایتی اجتماع نہیں بلکہ امن، اتحادِ امت، قومی یکجہتی اور انسانیت کے مشترکہ پیغام کا عالمی مظہر ہوگا۔ مقررین نے کہا کہ کانفرنس کو ہر لحاظ سے تاریخی اور کامیاب بنانے کے لیے تنظیم اپنی تمام تر صلاحیتیں، وسائل اور افرادی قوت بروئے کار لائے گی، تاکہ یہ عالمی کانفرنس پاکستان سے امن کی توانا آواز بن کر پوری دنیا تک امن، محبت، رواداری اور اخوت کا پیغام پہنچائے۔

مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ امنِ عالم اجتماع 2027ء سکھر جمعیت علمائ اسلام کا ایک تاریخی، قومی اور عالمی اہمیت کا حامل اجتماع ہوگا، جس کی کامیابی کے لیے ہر ضلع، ہر تحصیل اور ہر یونٹ کو متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ گھر گھر عوامی رابطہ مہم کو مؤثر بنایا جائے، تنظیمی ڈھانچے کو نچلی سطح تک فعال کیا جائے اور اجتماع کی تیاریوں کو دینی و تنظیمی ذمہ داری سمجھتے ہوئے بھرپور انداز میں آگے بڑھایا جائے۔