مون سون کا نیا سلسلہ شروع؛ ملک کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

بارشوں کے اس سلسلے کے باعث شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ہے، گلگت بلتستان، خیبرپختونخواہ اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ موجود ہے؛ این ڈی ایم اے کا الرٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 جولائی 2026 11:34

مون سون کا نیا سلسلہ شروع؛ ملک کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش، گرمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی 2026ء) ملک میں مون سون کا نیا طاقتور سسٹم داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، اس بارانِ رحمت سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوچکا ہے، تاہم بعض اضلاع میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے شہریوں کو گرمی اور حبس سے بڑی راحت ملی ہے، گجرات اور اس کے گردونواح میں ہونے والی تیز بارش کے باعث کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور سمیت حافظ آباد، ڈسکہ، وزیرآباد، جہلم، فیروزوالا اور سیالکوٹ کے گردونواح میں بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ زبردست بارش ہوئی، جس سے موسم یکسر تبدیل ہو گیا، میانوالی، بھلوال اور بھیرہ میں بھی مون سون کے اس نئے سسٹم کے تحت بادل جم کر برسے، جس سے حبس زدہ گرمی کا خاتمہ ہو گیا اور شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔

(جاری ہے)

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون کے اس نئے سسٹم کے پیشِ نظر الرٹ جاری کیا ہے کہ بارشوں کے اس سلسلے کے باعث شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ہے، اس کے ساتھ ہی گلگت بلتستان، خیبرپختونخواہ اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ موجود ہے، اس لیے مقامی انتظامیہ اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔