دہشتگردی کے خلاف قوم پاک فوج کے سا تھ کھڑی ہے ‘ جے یو آئی(س)

بدھ 15 جولائی 2026 17:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2026ء) جمعیت علمائے اسلام (س)لاہور کے امیر و مرکزی سالار مولانا قاری اعظم حسین، امیر مولانا پیر عبدالقدوس نقشبندی، ناظم اعلی مولانا ایوب خان، ڈپٹی سیکرٹری پیر اکبر ساقی، لاہور کے ناظم اعلی مولانا طیب عثمانی، نائب امیر مولانا صلاح الدین ایوبی، قاری واحد بخش، قاری رحمت اللہ لاشاری، انجینئر خالد ٹیپو، عبدالحمید تونسوی، مولانا محمد ممتاز، مولانا توقیر عباس سمیت دیگر رہنمائوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف قوم پاک فوج کے سا تھ کھڑی ہے،بین القوامی طاقتیں بلو چستا ن اور خیبر پختواہ میں دہشتگردی کرا کے ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں،مو لانا سمیع الحق شہید، مو لانا حامد الحق شہید سمیت دیگر علماء کے قاتلوں کا گر فتارنہ ہونا لمحہ فکریہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ ملکی دفاع، قومی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی بے مثال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ چاہے سیلاب، زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت ہو، سرحدوں پر دشمن کی جارحیت کا سامنا ہو یا ملک کے اندر امن و امان کی صورتحال کو درپیش چیلنجز، پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں نے ہر موقع پر اپنی ذمہ داریاں بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور جذب خدمت کے ساتھ انجام دی ہیں،انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کے امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔

پوری قوم کو سیاسی، مذہبی اور لسانی اختلافات سے بالاتر ہو کر دہشت گردی، انتہاپسندی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد رہنا چاہیے تاکہ پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے۔