آزاد کشمیر کے عوام ووٹ سے کھوکھلے نعروں ،کارکردگی کے درمیان فرق واضح کر دینگے‘ سعد رفیق

ن)لیگ کا مہاجرین نشستوں پر انتخابی مہم بارے مشاورتی اجلاس،انتخابی مہم کا جائزہ لیا گیا

بدھ 22 جولائی 2026 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن)کے امیدواروں کی انتخابی مہم کے حوالے سے مرکزی رہنمائوں کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس کی صدارت خواجہ سعد رفیق نے کی جس میں سینئر پارلیمنٹرینز طاہرہ اورنگزیب، سینیٹر انوشہ رحمان، مسلم لیگ (ن)ضلع راولپنڈی کے صدر ملک ابرار، راجہ جاوید اخلاص، حاجی پرویز، سردار نسیم اور دیگر رہنمائوں سمیت پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان میں کشمیری مہاجرین کی نشستوں پر پارٹی کی جاری انتخابی مہم کا جائزہ لیا گیا، جبکہ رہنمائوں نے اپنے اپنے علاقوں میں رابطوں اور انتخابی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔خواجہ سعد رفیق نے اجلاس کو وزیرآباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، گجرات اور جہلم کے دوروں اور عوامی رابطوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنے ووٹ سے کھوکھلے نعروں اور کارکردگی کے درمیان فرق واضح کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلی مریم نواز شریف کا مظفرآباد میں جلسہ کشمیری عوام کی امنگوں اور مسلم لیگ (ن)پر اعتماد کا اظہار تھا۔انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی نمائندگی دراصل مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی نمائندگی ہے۔ اجلاس میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی محنت مسلم لیگ کی کامیابی کی صورت میں سامنے آئے گی۔