ندیم عمر کراچی و طارق سرور بہاولپور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر منتخب

جمعرات 23 جولائی 2026 19:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2026ء) پاکستان میں علاقائی کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کراچی اور بہاولپور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے انتخابات مکمل کر لیے گئے۔ترجمان کے مطابق معروف صنعتکار کھیلوں کے سرپرست اور پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کراچی ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کے رکن طارق سرور بہاولپور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

انتخابی نتائج کے بعد کرکٹ حلقوں نے اسے علاقائی سطح پر کرکٹ کے انتظامی نظام کے استحکام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ ندیم عمر اور طارق سرور دونوں طویل عرصے سے پاکستان میں کرکٹ کے فروغ و انتظامی امور میں فعال کردار ادا کرتے آ رہے ہیں اور کھیل کی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو سراہا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ندیم عمر پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی کرکٹ کی سرپرستی میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ طارق سرور پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کے رکن کی حیثیت سے کرکٹ انتظامیہ میں اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ دونوں شخصیات کے انتخاب سے علاقائی کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے، نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے اور گراس روٹ سطح پر کھیل کے فروغ کی کوششوں میں مزید تیزی آنے کی توقع ہے۔