آزاد کشمیر میں پیدا ہونے والی غیر معمولی صورتحال کی ذمہ دار مسلم لیگ ن ہے،قمرزمان کائرہ

جمعرات 30 جولائی 2026 23:14

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جولائی2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ، سابق وفاقی وزیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں پیدا ہونے والی غیر معمولی صورتحال کی ذمہ دار مسلم لیگ ن ہے جو مسائل کا حل مذاکرات کے بجائے طاقت کے ذریعے نکالنا چاہتی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو تمام معاملات کا سیاسی، جمہوری حل نکال سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم ویلی کے علاقہ گوجربانڈی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار دیوان علی خان چغتائی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جلسہ میں سابق چیئرمین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری مرتضیٰ ستی، ندیم افضل چن ،ہمایوں خان، ارم فاطمہ، شوکت جاوید میر، صدر پیپلز لائرز فورم سندھ قاضی بشیر فاروقی سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کی وفاقی ،مقامی قیادت، کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی سے اپیل ہے کہ وہ پرامن مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی طرف آئے، اپنے آپ کو تخریب کاروں، شرپسندوں، پاکستان مخالف عناصر سے الگ رکھے تاکہ آزاد کشمیر میں مزید خون خرابہ نہ ہو، نواز شریف ، مریم نواز ترقی کے دعوے تو کرتے ہیں لیکن عملی طور پر کوئی بڑا منصوبہ آج تک آزاد کشمیر کیوں نہیں دیا جبکہ میگا پراجیکٹس پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں شروع کیے گئے، بلاول بھٹو زرداری نے سچائی، مصالحتی کمیشن کے قیام کی تجویز دی ہے تاکہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کیے جا سکیں، مہاجرین کی نشستوں کے معاملے پر مذاکرات کے دوران وقت مانگا گیا تھا لیکن مہلت نہ دی گئی تاہم پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی اس مسئلے کا پرامن حل چاہتی ہے،سابق وفاقی وزیر قمرزمان کائرہ نے صاحبزادہ اشفاق ظفر کے مرکزی الیکشن آفس ہٹیاں بالا میں پی پی پی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو اگست کے روز حلقہ چھ کے عوام تیر پر مہر لگائیں،عوام کو اگر اپنی تقدیر بدلنی ہے تو وہ اشفاق ظفر کو کامیاب کروائیں،اشفاق ظفر کی کامیابی سے شہید بے نظیر بھٹو، مرحوم اسحاق ظفر کی روح کو تسکین ملے گی، حلقہ چھ کے عوام بے شمار مسائل سے دو چار ہیں ان کے مسائل تب ہی حل ہو سکتے ہیں کہ وہ اشفاق ظفر کو کامیاب کروائیں،مسلم لیگ نے حلقہ چھ کے عوام کو مایوس کیا،آئندہ بھی ان سے عوام کے لیے بہتری کی کوئی توقع نہیں ہے،سابق رکن قومی اسمبلی ندیم افضل چن نے کہا کہ حلقہ سات لیپہ پاکستان پیپلز پارٹی کا مضبوط حلقہ ہے، دیوان علی خان چغتائی ایک کامیاب امیدوار ہیں جنہوں نے بطور وزیر تعلیم عوام کی خدمت، تعلیمی پیکیج دیا، مسلم لیگ (ن) ڈاکوؤں کی جماعت ہے جس کی قیادت نے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا اب انتخابات میں گرین بسیں دے کر عوام کا ضمیر خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن غیرت مند کشمیری اس جھانسے میں نہیں آئیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی ترقی، عوامی خدمت میں اہم کردار ادا کیا ہے ،پیپلز پارٹی کے امیدوار دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ وہ اپنے حلقے میں وفاقی حکومت کی کسی بھی مداخلت کو قبول نہیں کریں گے، ان کا مقابلہ قاتل لیگ سے ہے، مسلم لیگ ن کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، موجودہ خراب حالات کی ذمہ دار مسلم لیگ ن ہے جو عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات حل کیے بغیر انتخابات چاہتی ہے، میرپور ڈویژن میں دھاندلی سے متاثرہ حلقوں میں دوبارہ انتخابات ہوں گے، اگر آزاد کشمیر میں دھاندلی کی گئی تو بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری وفاق میں مسلم لیگ ن کی حکومت ختم کر دیں گے، آصف علی زرداری مسلم لیگ (ن) والوں کے باپ ہیں تمام کارکن دو اگست کو ہاتھوں میں ڈنڈے لیکر پولنگ اسٹیشن آنا کوئی بھی گڑ بڑھ کرے، پنجاب پولیس آئے تو ان کی لاشیں گرائیں گے ،کارکن دو اگست کو پولنگ اسٹیشنوں پر موجود رہیں ووٹوں، نتائج کی حفاظت کریں، انتخابی بیگ اپنی نگرانی میں ہٹیاں بالا ڈی آر او آفس تک پہنچائیں ،پاکستان پیپلز پارٹی انتخاب جیت چکی ہے اب صرف کامیابی کا مارجن بڑھانا باقی ہے جلسہ سے شوکت جاوید میر، قاضی بشیر فاروقی، ارم فاطمہ، وحید الحسن نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ سات پاکستان پیپلز پارٹی کا مضبوط حلقہ ہے، دیوان علی خان چغتائی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ دو اگست کو بھرپور انداز میں ووٹ ڈالیں اور انتخابی عمل کی نگرانی کرتے ہوئے پارٹی کی کامیابی یقینی بنائیں۔