اپوزیشن بامقصد مذاکرات کیلئے تیار ہے ،حکومت سنجیدہ نہیں،راجہ ناصر عباس

منگل 4 اگست 2026 16:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2026ء) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ اپوزیشن مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن حکومت سنجیدہ نہیں ہے، اپوزیشن بامقصد مذاکرات کے لیے وزیراعظم اور حکومتی وفد سے ملاقات پر تیار ہے، حکومت اپنے قدم بڑھائے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا اپوزیشن نے ہمیشہ مذاکرات اور سیاسی روابط سے مسائل کے حل کی بات کی، محمود خان اچکزئی نے کہا پارلیمنٹ میں کانسٹیٹیوشن روم میں ملاقات کر لیتے ہیں، اچکزئی نے رانا ثنا کو یہاں تک کہا کہ آپ کی رہائشگاہ پر ملاقات بھی ممکن ہے، لیکن حکومت خود سیاسی ملاقات اور مذکرات کے لیے سنجیدہ نہیں ہے، حکومت مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ سیاسی ڈائیلاگ نہیں کرنا چاہتی۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس نے کہاکہ اپوزیشن بامقصد مذاکرات کے لیے وزیراعظم اور حکومتی وفد سے ملاقات پر تیار ہے، حکومت اپنے قدم بڑھائے، اربعین پر عراق آیا ہوں، اگر مذاکرات کل بھی ہوں تو آج ہی واپس پاکستان آ جاں گا۔ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہوتی تو اپوزیشن پر انسداد دہشتگری کے پرچے نہ کراتی، مذاکرات کے لیے مثبت ماحول ہوتا ہے، بدقسمتی سے حکومت خرابی پیدا کر رہی ہے، حکومت مذاکرات کرنا چاہتی تو اب تک اپوزیشن قیادت کی اڈیالہ ملاقات کرا دیتے، اپوزیشن قائدین کے علاہ بہنوں تک کو اڈیالا ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی۔