محکمہ ریلویز نے ساندل ایکسپریس بحال کر دی، 19 اگست سے دوبارہ سروس شروع کرنے کا اعلان

منگل 4 اگست 2026 22:21

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2026ء) محکمہ ریلویز نے پانچ سال بعد سرگودھا سلانوالی جھنگ شورکوٹ خانیوال اور ملتان کے درمیان بند کی جانے والی ساندل ایکسپریس کو 19 اگست سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ساندل ایکسپریس کی بحالی کا مطالبہ عرصہ دراز سے جاری تھا اور مختلف ارکانِ اسمبلی جن میں چیئرمین زکوٰۃ پنجاب رانا منور غوث خان ممبر قومی اسمبلی ارم حامد حمید اور سابق وزیر مملکت چوہدری حامد حمید کی کوششیں بھی شامل تھیں اور انہوں نے متعدد بار وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقاتیں بھی کی ،جس پر انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ سرگودھا کے لیے بند کی جانے والی ٹرینوں کو مرحلہ وار شروع کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

گزشتہ روز بھی رکن قومی اسمبلی ارم حامد حمید اور سابق وزیر مملکت حامد حمید نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے مریم اورنگزیب کے ہمراہ ملاقات کی جبکہ رانا منور غوث خان بھی متعدد بار چیئرمین ریلوے وفاقی وزیر ریلوے اور اسی طرح دیگر افسران سے ملاقات کر کے ٹرین کی بحالی کے حوالہ سے کہہ چکے تھے ،اب چیف آپریٹر آپریشن سیفٹی پاکستان ریلوے نوید مبشر کی کوششوں سے ٹرین کی بحالی کا اعلان کر دیا گیا ہے اور 19 اگست 2026ء سے یہ ٹرین سرگودھا سے ملتان کے لیے ساڑھے تین بجے روانہ ہوگی اور ساڑھے دس بجے ملتان پہنچے گی۔

(جاری ہے)

یہ ٹرین شاہین آباد سلانوالی شاہ نکڈر سوبھاگا شاہ نکڈر جھنگ وریام شورکوٹ عبدالحکیم خانیوال سے ہوتی ہوئی ملتان پہنچے گی ۔ ٹرین کی بحالی اہلیان سرگودھا اور دیگر شہروں کے مسافروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ریلویز کے اس اقدام کو سراتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کو سستی سفری سہولتیں میسر آئیں گی ۔ 19 اگست سے ٹرین کی بحالی پر ثاقب شاہ سمیت دیگر نے نوید مبشر وڑائچ کو مبارکباد دی اور کہا کہ قبل ازیں نوید مبشر وڑائچ نے ملت ایکسپریس کی بوگیوں کی بحالی میں بھی اپنا اہم کردار ادا کیا تھا جس پر اہل سرگودھا ان کے مشکور ہیں۔