خیبرپختونخواٹورازم اتھارٹی اور ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس کے اشتراک سے یومِ استحصالِ کشمیر ریلی کا انعقاد

بدھ 5 اگست 2026 17:49

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2026ء) خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے اشتراک سے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پرکشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے خصوصی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ٹورازم اتھارٹی تر جمان کے مطابق ریلی میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر، کمانڈنٹ ٹورازم پولیس خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی شاہ نواز نوید، ڈائریکٹر کلچراینڈٹورازم محمد علی سید، ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع عمر ارشد خان،دونوں اداروں کے افسران، اہلکاروں اور ملازمین سمیت کھلاڑیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی میں شرکانے ہاتھوں میں پاکستان اور کشمیر کے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف مختلف نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

ریلی کے دوران شرکاء نے ''کشمیر بنے گا پاکستان'' کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے جموں و کشمیر کے عوام سے اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا ء کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔

جب بھارت نے یکطرفہ اقدام کے ذریعے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقِ خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان ہر سطح پر ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

مقررین نے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، شہری آزادیوں پر پابندیوں اور نہتے کشمیری عوام پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کیلئے مؤثر کردار ادا کریں۔ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام، ترقی اور جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔