Live Updates

سردار ایاز صادق سے ممبر یورپین پارلیمنٹ اوندرے دوستال کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے، سپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات میں گفتگو پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دے کر باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے ، ملاقات میں اتفاق

پیر 10 اگست 2026 19:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2026ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رکن یورپین پارلیمنٹ اوندرے دوستال نے پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط، علاقائی و عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے،اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت کا ذخیرہ موجود ہے، جس سے یورپی یونین استفادہ کر سکتی ہے۔

سردار ایاز صادق نے پنجاب میں مختلف شعبوں میں ہونے والی اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں پنجاب میں ہونے والی پیش رفت قابلِ تحسین ہے۔موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ، مربوط اور مثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، پاکستان کا عالمی سطح پر گرین ہاس گیسوں کے اخراج میں حصہ نہایت معمولی ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائم گرین پارلیمنٹ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ، توانائی کے مثر استعمال اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے عزم کا عملی مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریاں مثر انداز میں ادا کر رہی ہے۔پاکستان کی پارلیمنٹ مکمل طور پر شمسی توانائی پر منتقل ہو چکی ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ موجودہ قومی اسمبلی نے قانون سازی، پارلیمانی اصلاحات اور عوامی اہمیت کے امور پر مثر پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ویمن پارلیمنٹری کاکس، چائلڈ پارلیمنٹری کاکس اور پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) سیکرٹریٹ کا قیام اہم پارلیمانی اقدامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے حوالے سے پارلیمان کے کردار کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔علاقائی و عالمی امن کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔ پاکستان تمام تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کیا ہے اور عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کی امن کے قیام اور علاقائی استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا جا رہا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کا ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے ثالثی کا کردار امن کے فروغ اور علاقائی استحکام کے عزم کا عکاس ہے۔

ملاقات کے دوران رکن یورپی پارلیمنٹ اوندرے دوستال نے پاکستان کی علاقائی امن، پارلیمانی سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون کے لیے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوستانہ، باہمی احترام اور تعاون پر مبنی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔رکن یورپی پارلیمنٹ نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی قدرتی خوبصورتی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے قدرتی حسن سے مالا مال ہیں اور ان کی خوبصورتی قابلِ دید ہے۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دے کر باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے اور تعلیم، انسانی وسائل کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات