جشن آزادی ویمنز لیکروس ٹورنامنٹ،مردان نے چمپئن شپ جیت لی

منگل 11 اگست 2026 20:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) جشنِ آزادی کے سلسلے میں پاکستان لیکروس فیڈریشن اور مردان ڈویڑنل لیکروس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مردان سپورٹس کمپلیکس میں ویمنز لیکروس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مردان کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں 6-4 گول سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

ٹورنامنٹ میں مختلف ضلعی ٹیموں کی نمائندگی کرنے والی 46 خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ کھلاڑیوں نے مقابلوں کے دوران بہترین کھیل، جوش، جذبے اور اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا، جبکہ فائنل میں مردان کی ٹیم نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ٹورنامنٹ پاکستان لیکروس فیڈریشن کی ڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ مس گل پری کی زیر نگرانی منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

تقریب میں مردان پولیس کی ایس ایس پی مس ماریا مصطفیٰ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ریجنل سپورٹس آفیسر مردان ساجد خان، ڈائریکٹر سپورٹس ویمن کالج مردان مس گلنار (ریٹائرڈ)، ڈائریکٹر سپورٹس شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور مس سلمیٰ فیض، نیشنل کوچ مس نگہت، انٹرنیشنل لیکروس پلیئر مس سویرہ افضل، انٹرنیشنل فٹبالر مس اسما تہسین، سماجی کارکن مراد خان اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

ٹورنامنٹ دیکھنے کے لیے کھلاڑیوں کے اہل خانہ، شائقین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد سپورٹس کمپلیکس میں موجود تھی، جس سے خواتین کے کھیلوں میں عوامی دلچسپی کا اظہار ہوا۔اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی ایس ایس پی مس ماریا مصطفیٰ اور دیگر معزز مہمانوں نے فاتح ٹیم سمیت شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔

پاکستان لیکروس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل انجینئر طائفور زرین نے مردان کی فاتح ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے ایسے مقابلوں کا انعقاد لیکروس کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان لیکروس فیڈریشن ملک بھر میں لیکروس کو گراس روٹ لیول پر فروغ دینے اور بالخصوص خواتین و نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت، مقابلوں اور بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر مس گل پری، مردان ڈویڑنل لیکروس ایسوسی ایشن، سپورٹس حکام، کوچز، آفیشلز، رضاکاروں، کھلاڑیوں کے اہل خانہ اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کیا۔