جو مرضی کرلیں سندھ میں نیا صوبہ نہیں بنے گا، سعید غنی

سندھ کے عوام کسی صورت نئے صوبے کے قیام کے حق میں نہیں، زبردستی فیصلہ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج کچھ اور ہوں گے، لوگوں کے اندر شدید بدگمانی اور نفرت جنم لے گی؛ صوبائی وزیر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 اگست 2026 14:40

جو مرضی کرلیں سندھ میں نیا صوبہ نہیں بنے گا، سعید غنی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست2026ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے نئے صوبوں کے قیام کی بحث پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبے سے متعلق وزیر داخلہ نے بات کی تو اگلے دن جواب دیا،وزیر داخلہ کی سندھ میں کوئی سیاسی حیثیت نہیں، جو بات کرے کا اس کو جواب دوں گا، آئی ایس پی آر سے سوال ہوا جس کا انہوں نے جواب دیا، آئی ایس پی آر کا کام نہیں کہ طے کرے صوبے بننے چاہیے یا نہیں، جو مرضی کرلیں سندھ میں نیا صوبہ نہیں بنے گا، زبردستی صوبہ بنانے سے عوام میں خطرناک نفرت پیدا ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کسی صورت نئے صوبے کے قیام کے حق میں نہیں ہیں، زبردستی فیصلہ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج کچھ اور ہوں گے اور لوگوں کے اندر شدید بدگمانی اور نفرت جنم لے گی، تاہم پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی صورتحال مختلف ہے، اگر پنجاب یا کے پی کی اسمبلی اپنے صوبے سے متعلق کوئی قرارداد منظور کرتی ہے تو وہ اس کا فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں۔

(جاری ہے)

بلدیاتی امور اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے اعتراف کیا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے پاس وسائل کی شدید کمی ہے جس کے باعث متعدد کام وقت پر مکمل نہیں ہو پاتے، اس کے باوجود کراچی میں آئی ٹی، گراؤنڈز، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، عوام کو بنیادی سہولیات کے ساتھ معیاری تعلیم اور صحت کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ شہید نجیب عالم اسکول کو ایک کھنڈر سے بہترین تعلیمی ادارے میں تبدیل کیا گیا ہے، لیکن اس کی بہتری اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ علاقے کے لوگ اس کی مکمل اونرشپ لیں، والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں اور اساتذہ و عملے کی کارکردگی پر نظر رکھیں، پیپلز پارٹی کی حکومت نے کورنگی سمیت شہر بھر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کروائے ہیں اور بلدیاتی اداروں کے تعاون سے عوام کی ضروریات اور مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔