امریکی ٹیکنالوجی کمپنی موبیز کے پاکستان میں ریجنل آفس کے قیام پر چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا خیرمقدم

جمعرات 27 اگست 2026 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اگست2026ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی موبیز کے پاکستان میں ریجنل آفس کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی پاکستان میں توسیع ملکی آئی ٹی ٹیلنٹ پر اعتماد کا اظہار ہے۔موبیز پاکستانی ملکیت میں چلنے والی امریکا کی سلیکون ویلی میں قائم ٹیکنالوجی کمپنی ہے ۔

موبیز نے NASTP، کراچی میں پاکستان کا ریجنل آفس قائم کر دیا۔موبیز دنیا کے مختلف ممالک میں کلاؤڈ، ڈیٹا، مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں خدمات فراہم کر رہی ہے ۔چیئرمین ایس ای سی پی نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان عالمی آئی ٹی مارکیٹ میں نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی پاکستان میں توسیع ملکی آئی ٹی ٹیلنٹ پر اعتماد کا اظہار ہے، پاکستان کو علاقائی ٹیکنالوجی اور گلوبل سروسز ہب بنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، ایس ای سی پی کاروبار میں آسانی کے لیے شفافیت، ڈیجیٹلائزیشن اور ریگولیٹری اصلاحات پر کام کر رہا ہے، جدید ٹیکنالوجی سے کاروباری لاگت اور وقت میں کمی جبکہ شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ممکن ہے،پاکستان میں عالمی آئی ٹی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور عالمی سطح پر کام کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایس ای سی پی نے موبیز گلوبل کو کراچی آفس کے آغاز پر مبارکباد اور پاکستان میں مزید توسیع کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔