دفاعِ وطن پر کوئی سمجھوتہ نہیں، جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاک افواج

اتوار 6 ستمبر 2026 01:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2026ء) چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا اور پاک افواج کے افسران و جوانوں نے 61ویں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے غازیوں اور شہداء کے اہلخانہ سے دلی احترام اور تشکر کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 ستمبر قومی اتحاد، جرأت اور عزم کی لازوال علامت ہےجو قوم کو یاد دلاتا ہے کہ 1965 کی جنگ کے دوران پاکستانی قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر کھڑی ہوئی۔ پاکستان کے شہداء عزت، فرض شناسی اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کے امین ہیں۔

(جاری ہے)

میدانِ جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں پاکستان کے محافظوں کی نسلوں نے قوم کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

شہداء کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں جبکہ ان کے اہلخانہ عزم،حوصلے اور استقامت کی پائیدار علامت ہیں۔بیان میں غازیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ بہادری، ثابت قدمی اور شاندار پیشہ ورانہ خدمات کے ذریعے ملکی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کےدفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

پاکستان خطے میں امن،استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور پُرامن بقائے باہمی کے عزم پر قائم ہے تاہم اس عزم کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پاک افواج نے پاکستان اور اس کے عوام سے غیر متزلزل وفاداری کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور ان کے اہلخانہ کی استقامت ہمیشہ قومی قوت اور فخر کا سرچشمہ رہیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق قوم کے ساتھ متحد ہو کر پاک افواج اپنے مقدس فرائض کو عزت، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ انجام دیتی رہیں گی۔پاک افواج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔