یومِ بحریہ، وزیراعلیٰ سندھ کا پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش

منگل 8 ستمبر 2026 15:38

یومِ بحریہ، وزیراعلیٰ سندھ کا پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2026ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قومی یومِ بحریہ کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے پاک بحریہ کے شہداء ، غازیوں، افسران، جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 8 ستمبر کا دن 1965ء کی جنگ میں پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی اور لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

آپریشن ڈوارکا پاک بحریہ کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین حکمتِ عملی کی تاریخی مثال ہے، جس میں پاک بحریہ کے 25ویں ڈسٹرائر اسکواڈرن نے دشمن کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک بحریہ کے جوان پوری قوم کا فخر ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ میں پاک بحریہ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، جبکہ بحریہ ملک کے تمام ساحلی علاقوں کی حفاظت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان کے ساحل ملکی دفاع، تجارت اور معیشت کے حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ سندھ کا طویل ساحلی خطہ پاکستان کی سمندری شناخت اور قومی معیشت کا اہم حصہ ہے، کراچی سے کیٹی بندر تک پھیلی ہوئی سندھ کی سمندری پٹی ملک کا قیمتی قومی اثاثہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے ساحل اور بحیرہ عرب میں ملکی مفادات کا تحفظ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔

یومِ بحریہ ہمیں اپنے سمندری ورثے اور ساحلی حدود کے تحفظ کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔سید مراد علی شاہ نے پاکستان نیوی کے افسران، جوانوں اور ان کے اہل خانہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود، ساحلوں اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ پاک بحریہ پاکستان کی سمندری سلامتی اور قومی مفادات کی ضامن ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یومِ بحریہ ہمیں قومی یکجہتی، بہادری اور وطن کے دفاع کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتی رہے گی۔انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہاکہ پاکستان زندہ باد، پاک بحریہ زندہ باد، سندھ پائندہ باد۔