گوجر خان میں یوم دفاع و شہداء کی پروقار تقریب، شہداء کو خراج عقیدت

ي*1965 کی جنگ کے شہدائ ، بالخصوص چونڈہ سیکٹر کے شہید نائیک محمد اکثر کی قربانیوں کو خراجِ تحسین قوم آج آزاد فضا میں سانس لے رہی ہے تو اس میں شہداء کی قربانیوں کا بنیادی کردار ہے،کموڈور (ر) ارشد محمود خان

جمعرات 10 ستمبر 2026 17:35

%گوجر خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 ستمبر2026ء) یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے گوجر خان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 1965 کی جنگ کے دوران چونڈہ سیکٹر میں شہید ہونے والے نائیک محمد اکثر سمیت پاکستان کے تمام شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں سابق فوجی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، شہداء کے اہلِ خانہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب کا اہتمام پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیرِ اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے ملکی بقاء ، قومی سلامتی اور خودمختاری کو شہداء پاکستان کی عظیم قربانیوں کا ثمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ کموڈور (ر) ارشد محمود خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم آج آزاد فضا میں سانس لے رہی ہے تو اس میں شہداء کی قربانیوں کا بنیادی کردار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد حیدر نے کہا کہ جب بھی وطن نے پکاراخطہ پوٹھوہار کے بہادر سپوتوں نے اپنا لہو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والے شہداء کی خدمات اور قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔

رہنما تحریک جوان پاکستان عبداللہ حمید گل نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت قوم آج عزت اور وقار کے ساتھ زندگی گزار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو شہداء کی جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چیئرمین پاکستان سویٹ ہوم زمرد خان نے کہا کہ اس دھرتی نے ہمیشہ وطن کے لیے قربانیاں دینے والے بہادر سپوت پیدا کیے ہیں۔

انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان خاندانوں کی قربانیاں بھی قومی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔ رکن صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ شاہ نے کہا کہ مشکل وقت میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوئی اور جوانوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور وطن سے محبت ہی پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ تقریب کے شرکاء نے شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔