یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے گوجر خان میں پروقار تقریب کا انعقاد

جمعرات 10 ستمبر 2026 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2026ء) یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے گوجر خان میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 1965کی جنگ کے دوران چونڈہ سیکٹر میں شہید نائیک محمد اکثرسمیت تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیرِاہتمام تقریب میں سابق فوجی افسران،سیاسی و سماجی شخصیات اور شہداء کے اہلِخانہ نے شرکت کی۔

تقریب کے شرکاء نے ملکی بقاء، قومی سلامتی اورخودمختاری کو شہداء پاکستان کی عظیم قربانیوں کی مرہونِ منت قرار دیا ۔اس موقع پر کموڈور(ر) ارشد محمود خان نے کہا کہ قوم آج آزاد فضا ء میں سانس لے رہی ہے تو اس میں شہداء کی قربانیوں کا بنیادی کردار ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد حیدر جب بھی وطن نے پکارا خطہ پوٹھوہار کے بہادر سپوتوں نے اپنا لہو پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

رہنما تحریک جوان پاکستان عبداللہ حمید گل نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے قوم آج عزت کے ساتھ زندگی گزار رہی ہے۔ چیئرمین پاکستان سویٹ ہوم زمرد خان نے کہا کہ اس دھرتی نے ہمیشہ وطن کیلئے قربانیاں دینے والے بہادرسپوت پیدا کئے ہیں ۔رکن صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ شاہ نے کہا کہ مشکل وقت میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوئی اور جوانوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا ۔