کراچی ،مزار قائد پر فکر قائد اور یوم دفاع وطن کے عنوان سے تقریب

قائداعظم کا تصور وطن قانون کی حکمرانی، مساوی حقوق اور عدل و انصاف پر مبنی تھا، مقررین، وطن کے دفاع و استحکام کیلئے متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا

جمعرات 10 ستمبر 2026 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2026ء) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یوم ولادت اور 61ویں یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے قائداعظم اکادمی، قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈ، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اور برکلن سیکنڈری اسکول کے زیراہتمام مزار قائد کے آڈیو ویژول ہال میں ’’فکر قائد اور یوم دفاع وطن‘‘ کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی سابق ڈی آئی جی پولیس سید شوکت علی شاہ جبکہ مہمان اعزازی سید ندیم جیلانی، فصیح الدین خان، سلمان احمد صدیقی اور ارشد ملک تھے۔ زاہد حسین ابڑو نے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کے ریزیڈنٹ انجینئر عبدالعلیم شیخ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تقریب کا مقصد صرف بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور جنگ ستمبر 1965ء کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا نہیں بلکہ وطن عزیز کے دفاع و استحکام کا جذبہ بھی اپنے سینوں میں بھرپور پروان چڑھانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا تصور وطن محض جغرافیائی حدود تک محدود نہیں تھا، ان کا وطن ایک ایسا نظریاتی کلچر تھا جہاں قانون کی حکمرانی، جمہوریت کا فروغ، مساوی حقوق، آزادی اور عدل و انصاف ہو۔دیگر مقررین نے کہا کہ ہمیں یہ پیغام دینا ہوگا کہ ہم سب ایک اور متحد ہیں، پائیدار امن چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں قائداعظم کے افکار کی روشنی میں وطن عزیز میں پائیدار امن، ترقی اور استحکام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانان گرامی اور مقررین کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔