6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے،سید حبیب اللہ

ہفتہ 12 ستمبر 2026 22:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2026ء) محکمہ کھیل و امور نوجوانان حکومت سندھ کے زیر اہتمام اقراء یونیورسٹی کراچی میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد 6 ستمبر کے تاریخی دن کی اہمیت اجاگر کرنا، دفاع وطن کے لیے لازوال قربانیاں دینے والے شہداء اور قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنا اور نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی ذمہ داری اور ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ بیدار کرنا تھا۔

تقریب میں افواج پاکستان کے ریٹائرڈ افسران اور قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی پینل ڈسکشن ہوئی جس میں وائس ایڈمرل ریٹائرڈ شاہ سہیل مسعود ہلال امتیاز ملٹری، ایئر وائس مارشل ریٹائرڈ اسید الرحمان عثمانی ستارہ امتیاز ملٹری، بریگیڈیئر ریٹائرڈ سید کرار حسین شاہ، کرنل ریٹائرڈ مختار بٹ تمغہ امتیاز ملٹری، اسکواڈرن لیڈر ریٹائرڈ نفیس احمد ربانی اور کمانڈر ڈاکٹر محمد طاہر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پینل ڈسکشن میں 6 ستمبر 1965 کی جنگ کے تاریخی پس منظر، دفاع وطن میں افواج پاکستان کے کردار اور قومی ہیروز کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی جبکہ مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، صلاحیت اور مثبت کردار کے ذریعے ملک کی ترقی و استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ محترمہ ارم تنویر نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے شہدائے وطن کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر اسد اسحاق نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے، اس روز پوری قوم نے متحد ہوکر دشمن کے جارحانہ عزائم کا بھرپور مقابلہ کیا اور ثابت کیا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد اور پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم دفاع محض ایک تاریخی واقعے کی یاد نہیں بلکہ قومی اتحاد، قربانی، عزم اور حب الوطنی کی علامت ہے، نوجوان اپنی تعلیم اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔

ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز سندھ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید حبیب اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز سندھ قومی ایام اور تہواروں کو نوجوانوں کے ساتھ منانے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے تاکہ نئی نسل کو آگاہ کیا جاسکے کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان ملک کے مستقبل کے معمار ہیں اور انہیں پاکستان کو مزید ترقی، خوشحالی اور استحکام کی جانب لے کر جانا ہے۔

تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ مقررین اور دیگر شرکاء کو شرکت کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ تقریب کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ نوجوان نسل قومی تاریخ، دفاع وطن کی قربانیوں اور قومی ہیروز کی خدمات سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ایک ذمہ دار، باکردار اور فعال شہری کی حیثیت سے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔