لانگ مارچ کا اختیار عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو دیا، سہیل آفریدی ہی مارچ کی قیادت کریں گے، بیرسٹر گوہر

,لانگ مارچ پر کوئی دو رائے نہیں، فیصلے اتفاق رائے اور مشاورت سے کرتے ہیں، حتمی اعلان سہیل آفریدی کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی

جمعہ 25 ستمبر 2026 20:50

uاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2026ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈران کو بعض فیصلوں سے متعلق اعتماد میں لیا گیا ہے، جبکہ ملکی مجموعی صورتحال اور پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی ہے۔بیرسٹر گوہر کے مطابق لانگ مارچ کا اختیار بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو دیا ہے اور وہی لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے پارٹی میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے اور اپنے فیصلے اتفاق رائے اور تفصیلی مشاورت کے بعد کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی معاملات کے حوالے سے وہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو بھی آگاہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ دونوں اپوزیشن لیڈران کی بے پناہ عزت کرتے ہیں اور پارٹی معاملات سے متعلق انہیں فون پر اطلاع دینے کے بجائے خود ان کے پاس جا کر آگاہ کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کی مستقبل کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی ہے، تاہم لانگ مارچ کے حوالے سے حتمی فیصلہ اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ہی آگاہ کریں گے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے اور لانگ مارچ سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا، اسے مناسب فورم پر باضابطہ طور پر سامنے لایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ میانوالی گیا تھا، واپسی پر اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات ہوئی اور انہیں اپنے فیصلوں سے آگاہ کر دیا ہے۔پارٹی کے اندرونی فیصلوں سے متعلق انہوں نے کبھی میڈیا پر بات نہیں کی اور آئندہ بھی اندرونی معاملات کو میڈیا کے ذریعے زیر بحث لانے سے گریز کیا جائے گا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ان کے بارے میں ایک مخصوص بیانیہ گھڑا گیا، جبکہ شہر کو کنٹینروں سے بھر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ’انتشاری ٹولہ‘ قرار دیا گیا، جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات اور پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور متعلقہ قیادت کو صورتحال اور اپنے فیصلوں سے آگاہ کیا جا چکا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کے اندر ہونے والی مشاورت اور فیصلوں کی تفصیلات میڈیا کے سامنے لانے کے بجائے متعلقہ فورمز پر ہی زیر بحث لائی جائیں گی