وزیرداخلہ کی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

جمعرات 1 اکتوبر 2026 15:03

وزیرداخلہ کی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2026ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو بر وقت ناکام بنانے پر فورسز کے جوانوں اور افسران کی اعلی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی ستائش کی۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں مثر کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ شمالی وزیرستان میں بھی بہادر جوانوں نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد خوارجیوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس فیصلہ کن جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔