ہواؤں کا رخ بدلنے لگا، حکومت اور پی ٹی آئی کے بیک چینل رابطوں میں تیزی کا دعویٰ

کچھ لو کچھ دو کا آغاز ہوگیا، عمران خان اور بشریٰ بی بی کیلئے بنی گالہ کا گھر سب جیل قرار دینے کا آپشن زیر غور، عمران خان کا چیک اپ، بہنوں کی رہائی کا بھی امکان ہے؛ صحافی اعظم ملک کی ایکس پوسٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 اکتوبر 2026 14:28

ہواؤں کا رخ بدلنے لگا، حکومت اور پی ٹی آئی کے بیک چینل رابطوں میں تیزی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر 2026ء) خیبر پختونخواہ کے سیاسی بحران اور وفاق کے ساتھ کشیدگی کے معرکے میں ہواؤں کا رخ بدلنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جہاں بیک چینل رابطوں میں تیزی کے بعد ممکنہ لانگ مارچ، ایمرجنسی اور گورنر راج کے خطرات ٹلتے دکھائی دے رہے ہیں اور فریقین کے درمیان اہم گیو اینڈ ٹیک کا فارمولا طے پانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے صحافی اعظم ملک کی جانب سے جاری کردہ دعوے کے مطابق وفاق اور اپوزیشن کے درمیان پسِ پردہ یعنی بیک چینل رابطوں میں زبردست پیشرفت ہوئی ہے اور معاملات تیزی سے حل کی طرف بڑھ رہے ہیں، اس افہام و تفہیم کے نتیجے میں پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے 4 اکتوبر کا لانگ مارچ ملتوی یا منسوخ کیے جانے کا امکان ہے، جب کہ بدلے میں وفاقی حکومت خیبر پختونخواہ میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کے سخت اقدامات سے مکمل طور پر دستبردار ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

صحافی کا یہ بھی کہنا ہے کہ نئی پیشرفت کے باعث بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے لیے بنی گالہ کی رہائش گاہ کو باقاعدہ سب جیل قرار دینے کا اہم آپشن زیرِ غور ہے، اس مجوزہ معاہدے کے تحت عمران خان کا مکمل طبی معائنہ کروایا جائے گا اور پچھلے کچھ عرصے سے زیرِ حراست ان کی بہنوں کی بھی جلد رہائی کا قومی امکان پیدا ہو گیا۔