بحرین میں موجود معاون امریکی وزیرخارجہ ناپسندیدہ قرار،ملک سے نکل جانے کا حکم، ٹام میلنووسکی سفارتی آداب کے منافی سرگرمیوں اور عوام میں اختلافات پیدا کر نے میں ملو ث تھے ، وزارت خارجہ

بدھ 9 جولائی 2014 06:53

مانامہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2014ء)بحرین نے امریکا کے معاون وزیرخارجہ (اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ) برائے جمہوریت ،انسانی حقوق اور محنت ٹام میلنووسکی کو ناپسندیدہ شخصیت قرار د یتے ہو ئے انہیں فوری طور پر خلیجی ریاست سے نکل جانے کا حکم دے دیا ۔بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی بی این اے کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ نے ٹام میلنووسکی کو ایک ''خاص جماعت'' کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا ہے۔

وہ سفارتی آداب کے منافی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور عوام میں اختلافات پیدا کررہے تھے۔اس طرح بین الریاستی تعلقات میں بگاڑ کا موجب بھی بن رہے تھے''۔بحرین خلیج کے خطے میں امریکا کا اہم اتحادی ملک ہے اور امریکا کا پانچواں بحری بیڑا اس خلیجی ریاست میں موجود ہے لیکن اس کے باوجود اس کی وزارت خارجہ نے دورے پر آئے معاون امریکی وزیرخارجہ کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے دونوں ممالک کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کی عکاسی ہوتی ہے۔امریکا بحرین کو انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر تنقید کا نشانہ بناتا رہتا ہے۔ادھر واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان جین سکئی نے کہا ہے کہ ''انھوں نے ٹام میلنووسکی کے لیے بحرین سے بے دخلی کے حکم سے متعلق رپورٹس ملاحظہ کی ہیں لیکن ان سمیت امریکی سفارت کار کی ایک ٹیم بحرین ہی میں رہے گی اور ہم اس کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں''۔

سکئی نے نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ ''ٹام میلنووسکی بحرین میں ہیں اور وہ بحرین ہی میں رہیں گے کیونکہ ان کا یہ دورہ ابھی مکمل نہیں ہوا ہے اور ہم اس ملک کے سرکاری حکام سے قریبی رابطے میں ہیں''۔واضح رہے کہ گذشتہ سال بحرین کے ارکان پارلیمان نے حکومت سے منامہ میں تعینات امریکی سفیر کو داخلی امور میں مداخلت سے باز رکھنے کا مطالبہ کیا تھا۔انھوں نے کہا تھا کہ امریکی سفیر سفارتی آداب کو بلائے طاق رکھ کر حزب اختلاف کے لیڈروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔